انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی واقعات میں گرفتار ڈاکٹر یاسمین راشد ،عمر سرفراز چیمہ کی ضمانت منظور کر لی

جمعہ 17 مئی 2024 23:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے گذشتہ سال نو مئی واقعات میں جلائو گھیرا ئوکے مقدمے میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنمائوں ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ کی ضمانت منظور کرلی ۔عدالت نے دونوں ملزمان کو ضمانت کے عوض پانچ پانچ لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا ۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سابق صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور سابق گورنر پنجاب عمر چیمہ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت نے یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کی۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنمائوں کو جناح ہائوس پر حملے اور جلائو گھیرائو کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا ۔ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج ہے۔ دونوں رہنما زیر حراست اور دیگر مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں ۔