حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے،ضیاء الدین انصاری

جمعہ 17 مئی 2024 23:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2024ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ روز بروز بڑھتی مہنگائی سمیت اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عام آدمی کی کمر توڑ کررکھ دی ہے۔ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے عوام سے دو وقت کی روٹی تک چھین لی ہے، کسانوں اور چھوٹے بڑے تاجروں سمیت عام آدمی معاشی بدحالی کا شکار ہوچکا ہے۔

وزیر اعظم اور وزیر اعلی صاحبہ ہر روز عوام کو ریلیف دینے کے وعدے تو کررہے ہیں لیکن عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آرہے ہیں۔ حکومت نے ایک طرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے تو دوسری طرف آئی ایم ایف کی ایما پر بجلی کے بلوں میں فیول پرائس سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے نام پر فی یونٹ اضافہ کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے جو عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات میں پٹرول کی قیمتوں میں کمی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کو حکومتی دوغلی پالیسی قرار دیتے ہوئے ہوئے کیا۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے حکومت اور لوکل گورٹمنٹ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات فوری عوام تک منتقل کرے۔ روز مرہ کی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد وفاقی حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی بجائے کمی کرے اور حالیہ اضافہ کو واپس لے ۔