الخدمت اقراء تفہیم القرآن کے تحت تکمیل حفظ و ناظرہ پر تقریب تقسیم انعامات

جمعہ 17 مئی 2024 23:22

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2024ء) الخدمت اقراء تفہیم القرآن بفرزون کے تحت سالانہ تقریب و تقسیم انعامات واسناد کا انعقاد کیا گیا ، جس میں 7 حفاظ اور 40 ناظرہ قرآن مکمل کرنے والے بچوں میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔تقریب کے مہمان خصوصی عبوری امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر تھے جبکہ تقریب سے پرنسپل فضل احد نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر منیجر الخدمت مدارس تفہیم القرآن حنیف اکبرو د یگر ذمہ داران موجود تھے۔ بچوں نے ٹیبلوز ، تقاریر و دیگر پروگرامز میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ۔ اس موقع تقریب سے خطاب کر تے ہوئے منعم ظفر کا کہنا تھا کہ حفظ قرآن اور تکمیل ناظرہ قرآن والے بچے اور ان کے والدین مبارکباد کے مستحق ہیں ،جنہوں نے دنیا وآخرت میں کامیابی کی بنیاد رکھ د ی ہے ،انہوں نے کہا کہ آج سب سے زیادہ قرآن پاک کی تعلیم اور اس کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے ،قرآن کے مقصد کو سمجھنے اور سمجھانے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

منعم ظفرنے کہا کہ الخدمت مدارس تفہیم القرآن کے ذریعے سے یہ اہم فریضہ انجام دے رہی ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کے شہر بھر میں 5اقراء اسکولز اور 75مدارس ہیں جہاں نئی نسل کو نہ صرف دینی علم سے آراستہ کیا جا رہا ہے ،وہیں انہیں اخلاقی وسماجی لحاظ سے بھی ایک بہترین فرد بننے کی تربیت دی جا رہی ہے ۔منعم ظفر نے کہا کہ غزہ میں اس وقت اسرائیلی ظلم برپا ہے ،معصوم بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد کو شہید کردیا گیا ہے ، عالمی برادری غزہ کے مسلمانوں پر بڑھتے مظالم کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضل احد نے کہا کہ قرآن کریم حفظ کرنے والے بچے مبارکباد کے مستحق ہیں،تاہم ضروری ہے حفظ کے بعد وہ قران سے ناطہ جوڑیں اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیں ،تب ہی حفظ قرآن کے مقاصد حاصل ہو سکتے ہیں ۔دریں اثنا حفظ قرآن ،تکیمل قرآن پر بچوں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں ۔#