بیرونی قرضے لینے کے باوجود روز بروز ملکی معیشت کا برا حال ہو رہا ہے،ثروت اعجاز قادری

جمعہ 17 مئی 2024 23:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2024ء) صدر پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے جاری اپنے بیان میں کہا کہ ملک کے حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں۔تعجب اس بات پر ہوتا ہے کہ بیرونی قرضے لینے کے باوجود روز بروز ملکی معیشت کا برا حال ہو رہا ہے۔عوام کے مسائل کو حل کرنا حکمرانوں کی ذمہداری ہیمگر وہ سنجیدہ نظر نہیں آتے۔

عوام کو کسی طرح کی بھی کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کا یہ عالم ہے کہ کل کا پتہ نہیں ہوتا کہ کیا ہوگا۔ضرورت زندگی کی اشیائ عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔یہ تمام چیزیں دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ملک کے ساتھ کوئی کھیل کھیلا جا رہا ہے۔اگر یہی صورتحال چلتی رہی تو عوام کے حالات کیا ہوں گے۔

(جاری ہے)

دنیا بھر کے تمام ممالک میں عوام کو سہولیات بچانے کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں مگر ہمارے ہاں یہ سسٹم الٹا ہے۔

یہاں صرف عوام کو تکلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں۔ثروت اعجاز قادری نے اپنے جاری بیان میں مزید کہا کہ عوام کب تک اپنے دل پر پتھر رکھ کے تکلیفیں برداشت کرے گی۔اگر یہی رہا تو ایک وقت ایسا بھی آئے گا جب بہت تکلیف بڑھ جائے گی تو بہت چیخوں کی بھی آوازیں آئیں گی۔ہم سب کو ملک کے حالات کو بہتر کرنے کے لیے شرعی نظام اور نظام مصطفی کے لیے کھڑا ہونا پڑے گا۔کیونکہ اللہ کی ذات بے نیاز ہے وہی ہم پر رحم کر کے ہمارے حالات بدل سکتی ہے۔چھوٹی چھوٹی دنیاوی ضرورتوں کے لیے ہم ایک دوسرے سے دست و گریباں ہو رہے ہیں۔اس کی اصل وجہ دین سے دوری ہے۔جس دن ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ ہوگا قانون پر عمل درامد اور قانون سب کے لیے برابر ہوگا تب جا کے ہم اپنے رب کو راضی کر پائیں گے۔#