وزیر مذہبی امور کا مدینہ منورہ میں عازمین حج کی رہائش گاہوں کا اچانک دورہ، پاکستانی عازمین کرام سے ملاقاتیں

جمعہ 17 مئی 2024 23:32

مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے جمعہ کو یہاں مدینہ منورہ میں عازمین حج کی رہائش گاہوں کا اچانک دورہ کیا ۔ وزارت کے ترجمان کے مطابق وزیر مذہبی امور نے پاکستانی عازمین کرام سے ملاقاتیں کیں اور حج انتظامات بارے آرا حاصل کیں۔ عازمین کرام نے وزیر مذہبی امور کو اپنے درمیان پا کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

عازین حج نے وزیر مذہبی امور سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں موجودہ حکومت کے انتظامات پہلے سے بھی بہتر ہیں، رہائش گاہیں، خوراک، سفری سہولیات اور عملہ کی خدمات مثالی ہیں۔ وزیر مذہبی امور نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان حج مشن کی انتھک محنت کی بدولت سرکاری سکیم کے اخراجات خطہ میں سب سے کم ہیں۔ وزیر مذہبی امور نے ہدایت کی کہ پاکستان حج مشن پڑوسی ممالک سے حج اخراجات کا تقابل عوام کے سامنے رکھے، بزرگ اور نیم خواندہ عازمین حج کو موبائل ایپ اور سم کے استعمال میں معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حج انتظامات ہر سال بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ وزیر مذہبی امور (آج)جمعہ کو کیٹرنگ کمپنیوں اور سعودی ادارے ’’ادلہ مدینہ‘‘کا دورہ بھی کریں گے۔