ایشین تائیکوانڈوچیمپئن شپ ، شاہ زیب خان نے پاکستان کیلئے سلور میڈل جیت لیا

جمعہ 17 مئی 2024 23:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ کے کیروگی ایونٹ کے 54کیٹیگری کے فائنل میں سعودی عرب کے حمدی ریاد نے پاکستان کے شاہ زیب خان کو شکست دیکر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔ جمعہ کو یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق فائنل کے پہلے رائونڈ میں شاہ زیب نے اپنے سعودی مدمقابل کے خلاف ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔

دوسرے رائونڈ میں دونوں کھلاڑیوں کے مابین سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا جس میں حمدی ریاد نے 8کے مقابلے میں 9 پوائنٹس حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

تیسرے اور فیصلہ کن رائونڈ میں ریفری نے جانبداری کامظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف کئی متنازعہ فیصلے دئیے۔ حمدی ریاد نے 3کے مقابلے میں 7پوائنٹس کے فرق سے گولڈ میدل جیت لیا۔شاہ زیب خان نے ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ کی تاریخ میں پاکستان کیلئے پہلا سلور میڈل جیتا ہے۔

دیگر مقابلوں میں 87 ویٹ میں پاکستان کے احتشام الحق کو بھارت کے ریشبھ نے 1-2 سے شکست دی۔58کیٹیگری میں سعودی عرب کے جار یوسف نے پاکستان کے ابوبکرصدیق کے خلاف 1-2سے کامیابی حاصل کی ۔ خواتین کی 73 کلو گرام کیٹگری میں کوریا کی مایونگ می نا نے پاکستاب کی ملیحہ کو 0-2 سے ہرا دیا۔