اسرائیل کو رفح پر حملہ کیے بغیر حماس کے ارکان کا تعاقب کرنے کا حق ہے، امریکہ

ہفتہ 18 مئی 2024 12:13

اسرائیل کو رفح پر حملہ کیے بغیر حماس کے ارکان کا تعاقب کرنے کا حق ہے، ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) وائٹ ہائوس میں نیشنل سکیورٹی کونسل کے سٹریٹجک کمیونیکیشنز کوآرڈینیٹر جان کربی نے کہا ہے کہ امریکہ اسرائیل کے رفح میں کسی بھی بڑے فوجی آپریشن کی مخالفت کرتا ہے۔ کربی نے کہا اسرائیل کو حماس کے ارکان کا تعاقب کرنے کا حق حاصل ہے لیکن رفح میں ایسے کسی حملے کے بغیر جو ہزاروں شہریوں کی موت کا باعث بنے۔

امریکہ کا خیال ہے کہ غزہ میں قید اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کا بہترین طریقہ مذاکرات ہیں۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق امداد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کربی نے کہا کہ عارضی بندرگاہ کے ذریعے امداد کی غزہ کو ترسیل کا عمل بین الاقوامی ہم آہنگی سے کیا جائے گا۔ غزہ میں زمین پر کوئی امریکی فوجی موجود نہیں ہو گا۔ امداد بھیجنے سے پہلے قبرص میں اس کا معائنہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اسرائیلی آباد کاروں اور انتہا پسندوں کی طرف سے امدادی قافلوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ امریکی انتظامیہ اسرائیل پر غزہ کو اضافی امداد فراہم کرنے کے لیے دبا ڈال رہی ہے۔ ایک اور تناظر میں جان کربی نے یہ بھی کہا واشنگٹن جنگ کے بعد کے دور میں غزہ میں فلسطینی اتھارٹی کے کردار کی حمایت کرتا ہے۔