گندم سکینڈل میں بیوروکریٹ اور ٹیکنوکریٹس جیسے تگڑے لوگ ملوث ہیں، ندیم افضل چن

گندم سکینڈل کی حکومتی انکوائری تو صرف لالی پاپ ہے، گندم اسکینڈل دبانے کی کوشش ہورہی ہے لیکن ہم دبنے نہیں دیں گے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماء کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 18 مئی 2024 12:30

گندم سکینڈل میں بیوروکریٹ اور ٹیکنوکریٹس جیسے تگڑے لوگ ملوث ہیں، ندیم ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی 2024ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ گندم سکینڈل میں بیوروکریٹ اور ٹیکنوکریٹس جیسے تگڑے لوگ ملوث ہیں۔ اے آر وائی سے منسلک صحافی نعیم اشرف بٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گندم سکینڈل کی حکومتی انکوائری تو صرف لالی پاپ ہے، اگر اتنے بڑے اسکینڈل کی شفاف انکوائری ہونی ہوتی تو اب تک نیب ایکشن میں آچکا ہوتا، گندم سکینڈل دبانے کی کوشش ہورہی ہے کیوں کہ گندم اسکینڈل میں تگڑے لوگ ملوث ہیں جو بیوروکریٹ اور ٹیکنوکریٹس ہیں، اگر اس اسکینڈل میں کوئی سیاستدان ملوث ہوتا تو اب تک اس کا گلا دبا دیتے۔

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے گندم اسکینڈل پر نیب کو تو ازخود نوٹس لینا چاہیے تھا، ہم اس گندم سکینڈل کو دبنے نہیں دیں گے، ہم اس وقت کسان تنظیموں سے ملاقاتیں کررہے ہیں تا کہ اس سلسلے میں مشترکہ فورم سے درخواست دیں، درخواست کا ڈرافت تیار کرلیا ہے جو نیب یا عدالت میں دیکر خود مدعی بنیں گے۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی گیٹ پر اپوزیشن نے کسانوں کے حق میں احتجاج کیا، اپوزیشن کے احتجاجی مظاہرے میں بیرسٹر گوہرعلی،اسد قیصر،حامد رضا ودیگر شریک ہوئے، اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاسد قیصر کا کہنا تھا کہ گندم کے ایشو کو مرنے نہیں دیں گے،حکومت کو شرم آنی چاہئے، ہم پنجاب کے کسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، گنے کے کاشتکار بھی دربدر ٹھوکریں کھا رہے ہیں،حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں پر بھی گندم نہیں خریدی جا رہی، پنجاب حکومت ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے بجائے کسانوں کے ساتھ کھڑی ہو، تحریک تحفظ اہل پاکستان کے وفد نے فیصل آباد میں کسانوں کے وفد سے ملاقات کی، فیصل آباد سے نکلے تو کسان رہنماوں کو گرفتار کرلیا گیا۔