پنجاب فوڈاتھارٹی کی کارروائی ،چائے کیلئے استعمال ہونیوالے ایکسپائر ٹی وائٹنر کی بڑی کھیپ پکڑی گئی

ہفتہ 18 مئی 2024 15:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) پنجاب فوڈاتھارٹی کا جعلساز مافیا کے خلاف آپریشن جاری ،چائے کے لئے استعمال ہونے والے ایکسپائر ٹی وائٹنر کی بڑی کھیپ پکڑی گئی ،475 کاڑٹن ایکسپائر معروف ٹی وائٹنر تلف کر کے 2لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ۔ خفیہ اطلاع پر بند روڈ مشتاق ٹائون میں واقع گودام پر ڈیری سیفٹی ٹیموں نے چھاپہ مارا ۔

(جاری ہے)

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ ایکسپائر ٹی وائٹنر پر اصل تاریخ تنسیخ مٹا کر جعلی تاریخ لکھی جا رہی تھی، سٹوریج ایریا میں مکھیوں، کاکروچز کی بھرمار پائی گئی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی لائسنس کے بغیر خوراک کا کاروبار کیا جارہا تھا۔انہوں نے کہا کہ ایکسپائر ٹی وائٹنر کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے ، ایکسپائر ٹی وائٹنر کی تاریخ تنسیخ تبدیل کر کے دوبارہ سپلائی کے لیے تیار کیا جا رہا تھا ۔ خوراک کا کاروبار پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مقرر کردہ قوانین کے مطابق ہی کیا جا سکتا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ جعلسازوں کیخلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں، جڑ سے خاتمہ اولین ترجیح ہے، خرید سے قبل لیبل پڑھنے کی عادت اپنائیں ۔

متعلقہ عنوان :