ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، سٹار سپورٹس ایک مرتبہ پھر متنازع اشتہار بنا ڈالا

بھارتی سپورٹس چینل 2021ء میں پاکستان کے ہاتھوں ورلڈ کپ میں 10 وکٹوں سے ملی کراری ہار کو اپنے اشتہار کی زینت بنانا بھول گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 18 مئی 2024 14:53

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، سٹار سپورٹس ایک مرتبہ پھر متنازع اشتہار بنا ڈالا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 مئی 2024ء ) یکم جون سے شروع ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل معروف بھارتی نشریاتی ادارے سٹار سپورٹس نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی شائقین کرکٹ اور فینز کو متوجہ کرنے کیلئے متنازع اشہتار بنا ڈالا۔ سٹار سپورٹس نے گزشتہ روز ایک اشتہار جاری کیا جس میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپس مقابلوں میں پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں شکستوں کا مذاق بنایا گیا، 2007ء ورلڈ کپ فائنل اور گروپ میچ، 2012ء، 2014ء، 2022ء کے ورلڈ کپس کی ہار پر پاکستانی ٹیم کو ٹرول کیا گیا۔

تاہم 2021ء میں پاکستان کے ہاتھوں ورلڈ کپ میں 10 وکٹوں سے ملی کراری ہار کو بھارتی سپورٹس چینل اپنے اشتہار کی زینت بنانا بھول گیا۔ چینل کی جانب سے جاری ویڈیو کے ایکس (ٹوئٹر) کے کیپشن میں لکھا کہ ’’ایک عظیم لڑائی لوڈ ہورہی ہے، روہت الیون کی طرف سے پاکستان کو ایک ہار کا تحفہ ٹی20 ورلڈکپ 2024ء میں دیا جائے گا‘۔

(جاری ہے)

بھارتی ادارہ متعدد پاک بھارت میچز سے قبل ’’موقع موقع‘‘ کے نام سے اشتہار جاری کرتا رہا ہے لیکن 2021ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بابر الیون کے ہاتھوں ملی 10 وکٹوں کی شکست کے بعد بھارتی چینل نے یہ اشتہار نہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ 2023ء کے ون ڈے ورلڈکپ کے دوران بھی سٹار سپورٹس نے ’’موقع موقع‘‘ طرز کا گانا ریلیز کیا تھا اور سانگ کو 8 کا انتظار نام دیا گیا تھا۔