تحریک انصاف کا پاک افغان سرحدی علاقوں پر دن بدن بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار

ہفتہ 18 مئی 2024 21:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2024ء) پاکستان تحریک انصاف نے پاک افغان سرحدی علاقوں پر دن بدن بڑھتی کشیدگی پر نہایت تشویش کا اظہارکیا ہے اور کہا ہے کہ داخلی عدم استحکام میں مسلسل اضافہ ملک کو اقتصادی تباہی کی جانب لے جارہا ہے جس سے نکلنے کا واحد راستہ سیاسی استحکام ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ریاست اپنی ترجیحات کا محور درست کرتے ہوئے سرحدوں پر بڑھتی کشیدگی کے فوری تدارک کیلئے ٹھوس حکمت عملی اختیار کرے۔

ترجمان تحریک انصاف نے ایک بیان میں کہا کہ عوامی تائید اور مینڈیٹ سے محروم حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کے سبب پاکستان کے تمام سرحدی علاقے مسلسل تناؤ کی لپیٹ میں ہیں،پاک ایران سرحد کے بعد پاک افغان سرحدی علاقوں میں پرتشدد واقعات کی متواتر اطلاعات اور اس پر حکومتی خاموشی باعثِ تشویش ہے،گزشتہ تین روز سے پاک افغان سرحدی علاقوں میں مسلسل گولہ باری کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ جعلی فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آنے والے کٹھ پتلی حکمران ملک و قوم کے مفاد کے تناظر میں خودمختار خارجہ پالیسی جیسے فیصلے لینے کا اختیار نہیں رکھتے، چند روز قبل آزاد کشمیر میں پیدا ہونی والی صورتحال حکومتی نااہلی کی بدولت بیرونی سرحدوں پر جنم لینے والے عدم استحکام کا ہی پیش خیمہ ہے، ترجمان تحریک انصاف کے مطابق کرغزستان میں گزشتہ رات ہونے والی ہنگامہ آرائی پر حکومت کا غیرذمہ دارانہ رویہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی طلباء کو بے یار و مددگار چھوڑنا بھی ناکام خارجہ پالیسی کا عکاس ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ذاتی مفاد کو ملکی مفاد پر فوقیت دینے والے قومی مجرم گزشتہ دو سال سے اپنے غیر سنجیدہ رویے کے باعث مسلسل وطنِ عزیز کی جگ ہنسائی کا باعث بنتے آ رہے ہیں، خدشہ ہے کہ غیر منتخب حکومت کی نااہلی اور ناکام خارجہ پالیسی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہائی کا شکار کرنے کا سبب بنے گی، ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ داخلی عدم استحکام میں مسلسل اضافہ ملک کو اقتصادی تباہی کی جانب لے جارہا ہے جس سے نکلنے کا واحد راستہ سیاسی استحکام ہے، ریاست اپنی ترجیحات کا محور درست کرتے ہوئے سرحدوں پر بڑھتی کشیدگی کے فوری تدارک کیلئے ٹھوس حکمت عملی اختیار کرے۔