اللہ تعالیٰ نے نوازشریف کو سرخرو کیا ، ایک بار پھر پارٹی صدارت کیلئے آ رہے ہیں:ن لیگ

ہفتہ 18 مئی 2024 21:36

اللہ تعالیٰ نے نوازشریف کو سرخرو کیا ، ایک بار پھر پارٹی صدارت کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2024ء) وفاقی وزیر صنعت و پیداواررانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سولہ ماہ کی حکومت میں متنجن بناہوا تھااب الحمداللہ شہبازشریف کی قیادت میں بہت اچھے فیصلے ہورہے ہیں، پورے اتحاد و اتفاق کے ساتھ کابینہ فیصلے کررہی ہے جس کے نتائج بھی آنا شروع ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

ماڈل ٹائون میں مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ علی امین گنڈا پور جب وزیر اعلی نہیں تھے تو انہوں نے اس وقت بھی کوئی عقل کی بات نہیں کی تھی، علی امین گنڈا پور نے ایک بار دھمکی دی تھی اس کے بعد جب بھی مجھے دیکھتا تو ادھر اُدھر ہوجاتا تھا، جب پی ٹی آئی والے فضول بات کریں گے تو اس کا جواب ان کو ضرور دیں گے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیاگیا، اللہ تعالی نے نوازشریف کو سرخرو کیا اور ایک بار پھر وہ پارٹی صدارت کیلئے آ رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ شہبازشریف کو پارٹی کا عبوری صدر بنایا گیا ، جنرل کونسل کے اندر دوبارہ الیکشن ہوں گے اورنوازشریف کودوبارہ صدر بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شہبازشریف کو طریق کار کیلئے قائمقام صدر بنایا گیا ہے۔