Live Updates

حکومت کاشتکاروں کی فلاح کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے،مریم اورنگزیب

ہفتہ 18 مئی 2024 22:14

حکومت کاشتکاروں کی فلاح کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے،مریم اورنگزیب
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2024ء) سنیئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ موجودہ حکومت کاشتکاروں کی فلاح کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ اس ضمن میں 400 ارب روپے کے ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پلان پر عمل درآمد جاری ہے۔ جس کے تحت کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ دور حکومت میں زراعت کی ترقی کے لیے کوئی بھی خاطر خواہ کام نہیں کیا گیا جس سے کاشتکاروں کی حالت زار زبوں حالی کا شکار ہے۔ موجودہ حکومت کاشتکاروں کی فلاح کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا خواب ہے کہ پنجاب کے تمام کاشتکاروں کو سپرسیڈرز اور شریڈرز فراہم کئے جائیں پنجاب حکومت نے سموگ کے خاتمے کے لیے کاشتکاروں کو پاک سیڈر اور رائس سٹرا شریڈر کی 60فیصد سبسڈی پرفراہمی کاوعدہ پوراکردیا،وزیر اعلیٰ پنجاب کے سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت دھان کی فصل کو منطقی طورپرنہ جلانے کے لئے نئی حکومت پنجاب 8 ارب روپے کی لاگت سے کسانوں کوجدیداینٹی سموگ مشینری مہیا کررہی ہے آن لائن کے مطابق گذشتہ روز وزیراعلی پنجاب کے سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت سینیئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے رائس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کالا شاہ کاکو میں منعقدہ کاشتکاروں کو پاک سیٹر اور رائس سٹرا شریڈر کی فراہمی کے لیے محکمہ زراعت کے زیر انتظام تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے مزیدکہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کاشتکاروں سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا جا رہا ہے۔ سموگ کی وجہ سے فیصل آباد، لاہور ڈویژن سمیت کئی بڑے شہروں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سموگ بننے کی وجوہات میں دھان کی باقیات کو اگ لگانا بھی شامل ہے اسی لیے 8 ارب روپے کی کثیر لاگت سے آج صوبہ کے 21 اضلاع میں کاشتکاروں کو 5 ہزار پاک سیڈرز اور 2 ہزار رائس سٹرا شریڈرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ زراعت کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔ وزیراعلی پنجاب کے ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام کے تحت کا 150 ارب روپے کے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لیے کسان کارڈ کا جلد اجراء کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ 80 ارب روپے کی لاگت سے 7300 کھالہ جات کو پختہ کیا جا رہا ہے۔

اس پروگرام کے تحت 12 ارب روپے کی لاگت سے کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری و آلات فراہم کیے جائیں گے۔ موجودہ حکومت کاشتکاروں کی ترقی کے لیے ایک واضح روڈ میپ پر عمل درامد کر رہی ہے جس کے ثمرات جلد ملنا شروع ہو جائیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب نے وزیراعلی پنجاب کے سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت آج 21 اضلاع میں شفاف قرعہ اندازی کا اہتمام کیا ہے محکمہ زراعت کو پاک سیڈر اور رائس سٹرا شریڈرر کے لیے 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی جس کے تحت شفاف طریقے سے 7 ہزار خوش نصیب کاشتکاروں کو یہ جدید زرعی مشینری فراہم کی جائے گی جس سے دھان کی باقیات کی تلفی اسانی سے ممکن ہوگی اور سموگ کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

تقریب میں محکمہ؂زراعت کے اعلیٰ افسران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی و ممبران صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول، احسن ریاض اور رانا افضال نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات