قومی اسمبلی کے حلقہ 148ملتان میں ہونیوالے ضمنی انتخاب کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئ ہیں، ترجمان الیکشن کمیشن

ہفتہ 18 مئی 2024 23:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2024ء) قومی اسمبلی حلقہ این اے 148ملتان میں کل اتوار کو منعقد ہونیوالے ضمنی انتخاب کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق 233624مرد جبکہ 210607خواتین رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ضمنی انتخاب کے لئے 72مردانہ 72زنانہ جبکہ 131مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخا ب کے دوران شکایات کے ازالے کے لئے ضلعی اور صوبائی سطح پر مانیٹرنگ کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں انتخابی شکایات کے ازالے کیلئے قائم کنٹرول روم 24گھنٹے فعال رہے گا۔عوام الناس ان نمبرز پر رابطہ کر کے شکایات درج کرواسکتے ہیں042-99212209,042-99212620صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے ضمنی انتخابات کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام الناس بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشنز پر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے آئیں۔