ہم نے خود ٹکٹ خریدے، حکومت نے کوئی مدد نہیں کی

بشکیک میں حالات معمول پر نہیں ہیں، طلبا میں بہت بے چینی ہے، کرغستان سے پاکستان واپس پہنچنے والے طلبا کا انکشاف

muhammad ali محمد علی اتوار 19 مئی 2024 00:49

ہم نے خود ٹکٹ خریدے، حکومت نے کوئی مدد نہیں کی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی 2024ء) کرغستان سے پاکستان پہنچنے والے طلبا کے مطابق حکومت نے ان کی کوئی مدد نہیں کی۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق کرغستان سے پاکستان پہنچنے والے طلبا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان واپس آنے کیلئے ہم نے خود ٹکٹ خریدے، حکومت نے کوئی مدد نہیں کی۔ طلبا نے انکشاف کیا ہے کہ کرغستان کے دارالحکومت بشکیک میں حالات معمول پر نہیں ہیں، طلبا میں بہت بے چینی ہے، کرغستان میں 10 ہزار سے زائد پاکستانی طلبا مقیم ہیں۔

طلباء کے مطابق کرغستان میں چھڑنے والے فسادات کی وجہ مصری اور مقامی طلبا کے درمیان ہونے والا جھگڑا ہے۔ کچھ روز قبل ہوئے جھگڑے کے بعد مصری طلبا نے ویڈیوز سوشل میڈیا پر ڈال دی تھیں جس کے بعد فسادات شروع ہوئے۔

(جاری ہے)

کرغستان میں ناصرف مقامی طلباء غیر ملکی طلباء پر تشدد کر رہے ہیں، بلکہ مقامی ٹرانسپورٹ والے بھی غیر ملکی طلباء کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

وہاں کی مقامی پولیس بھی کوئی مدد نہیں کر رہی، ہم لوگ اپنی مدد آپ کے تحت پاکستان واپس پہنچے ہیں، ہماری واپسی میں حکومت کو کئی عمل دخل نہیں ہے۔ واضح رہے کہ کرغستان سے پاکستانی طلبا کا انخلا شروع ہو گیا۔ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے طلبا کو لانے والی پہلی پرواز لاہور پہنچ گئی۔ پرواز کے اے 571 لاہور ایئرپورٹ پر 180 سے زائد مسافروں کو لے کر پہنچی ہے، وزیر داخلہ محسن نقوی واپس آنے والے طلبا کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر لاہور ایئرپورٹ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو بچانا ہے اور انہیں پاکستان واپس لانا ہے۔ اس وقت جذبات کے بجائے ہوش سے کام لینے کی ضرورت ہے۔