خیبرپختونخوا حکومت نے پنجاب کے کاشتکاروں سے 7 ہزار میٹرک ٹن گندم خرید لی

صوبائی حکومت کی طرف سے صوبے بھر میں گندم کی خریداری کے لیے 22 مراکز قائم کیے گئے ہیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 مئی 2024 10:34

خیبرپختونخوا حکومت نے پنجاب کے کاشتکاروں سے 7 ہزار میٹرک ٹن گندم خرید ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی 2024ء ) خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے پنجاب کے کاشتکاروں سے 7 ہزار میٹرک ٹن گندم خرید لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پنجاب کے کاشت کاروں سے گندم کی خریداری جاری ہے، اس حوالے سے صوبائی محکمۂ خوراک کا کہنا ہے کہ اب تک پنجاب کے کاشت کاروں سے 7 ہزار میٹرک ٹن سے زیادہ گندم خریدی گئی ہے، کسانوں سے 3 ہزار 900 روپے فی من کی قیمت پر گندم خریدی جا رہی ہے، خریداری کا یہ سلسلہ 30 جون تک جاری رہے گا، اس کے علاوہ مقامی کاشت کاروں سے بھی 14 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی گئی، صوبائی حکومت کی طرف سے صوبے بھر میں گندم کی خریداری کے لیے 22 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کیلئے آن لائن ایپ متعارف کرایا ہے،گندم کے معیار اور نمی کا تناسب جانچنے کے لئے ڈیجیٹل میٹر کا استعمال بھی کیا جاتا ہے، گندم خریداری کے عمل میں شفافیت برقرار رکھنے کے لئے تمام خریداری مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں، گندم خریداری کے حوالے تازہ ترین معلومات محکمہ خوراک کے سماجی رابطے کے ویب سائٹ کے آفیشل پیج سے روزانہ فراہم کی جا رہی ہیں، صوبے میں کرپشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا یہی وجہ ہے کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور اس سلسلے میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور مبینہ خوردبرد کے الزام میں تین افسران کو معطل بھی کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ اب تک تمام خریداری مراکز میں 20 ہزار میٹرک ٹن گندم کی خریداری کی گئی ہے، حکومت خیبرپختونخوا نے مقامی اور پنجاب کے کاشتکاروں سے گندم خریداری کا فیصلہ کسانوں کے بہتر مفاد میں کیا ہے کیونکہ خوشحال کسان خوشحال ملک کی ضمانت ہے، حکومت خیبرپختونخوا کے پاس امپورٹڈ گندم کا آپشن بھی تھا اس لئے پنجاب حکومت احسان نہ جتائے، پنجاب حکومت نے اربوں روپے کی گندم درآمد کرکے پنجاب کے کسانوں کی سال بھر کی محنت کو ضائع کیا ہے۔