قتل ، اغوا اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب شوٹر گینگ کاسربراہ ساتھی سمیت پولیس مقابلے میں ہلاک

اتوار 19 مئی 2024 21:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2024ء) قتل ، اغوا اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب شوٹر گینگ کاسربراہ ساتھی سمیت پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق دیال گڑھ کے قریب چک 114 کے راستے پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران قتل،اغوا اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب شوٹر گینگ کا سربراہ امتیاز عرف ججو ساتھی نبیل ارشد سمیت پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق ملزمان کو تھانہ چک جھمرا سے ریکوری کے سلسلے میں چک 115 دیال گڑھ لے جایا جا رہا تھا کہ راستہ میں پھلاہی کے قریب ملزم کے 6 نامعلوم موٹرسائکل سوار ساتھیوں نے انہیں چھڑانے کے لیے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور چک نمبر 114 کی طرف فرار ہو گئے ، پولیس نے اپنے دفاع اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تعاقب کیا۔

(جاری ہے)

114 چک کے راستے میں کراس فائرنگ کے نتیجہ میں ملزمان امتیاز ججو اور نبیل ارشد زخمی حالت میں پڑے ملے جنہیں ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ریسکیو 1122 کو کال کی گئی تاہم امدادی ٹیم پہنچنے سے قبل ملزمان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

پولیس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مضروب ہوکر ہلاک ہوئے ہیں اور پولیس پر حملہ آور ہونیوالے انکے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے ملزمان کی لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال مارچری منتقل کروا دیں۔ پولیس حکام نے بتایا کہ امتیاز عرف ججو بین الاضلاعی شوٹر گینگ کا سربراہ تھا اور قتل ، اغوا ، اقدام قتل اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔