ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر کی شہادت، حماس اور حوثی سربراہ کا ردِعمل

امید ہے کہ ایرانی عوام خدا کی مرضی سے اپنے عوام کے وفادار قائدین پر اعتماد رکھیں گے،قائدین

پیر 20 مئی 2024 16:54

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2024ء) ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور یمن کی حوثی سپریم انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حماس نے ایرانی حکومت اور عوام سے اس سانحے پر تعزیت اور یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں حماس نے فلسطینی کاز کی حمایت کرنے پر ایرانی رہنماوں کو سراہا ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہناتھا کہ حماس نے اسرائیل کے خلاف مزاحمت کی حمایت پر بھی ایرانی رہنماوں کو سراہا ہے۔حماس کی جانب سے جاری کیے گئے تعزیتی بیان میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ ایرانی ادارے اس عظیم نقصان کے اثرات پر قابو پا لیں گے۔ادھر یمن کی حوثی سپریم انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ اس عظیم سانحے پر ایرانی عوام، ایرانی قیادت اور صدر رئیسی کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔محمد علی الحوثی کا یہ بھی کہنا تھاکہ امید ہے کہ ایرانی عوام خدا کی مرضی سے اپنے عوام کے وفادار قائدین پر اعتماد رکھیں گے۔