یونیورسٹی آف سرگودھا کا طالبعلم پاکستان کی نیشنل فٹ بال ٹیم میں منتخب

پیر 20 مئی 2024 18:20

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کا طالبعلم پاکستان کی نیشنل فٹ بال ٹیم میں منتخب ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق بی ایس فزیکل ایجوکیشن کا طالبعلم محمدحذیفہ پاکستان فٹ بال ٹیم میں منتخب ہو گیا۔محمد حذیفہ کا بی ایس فزیکل ایجوکیشن میں سپورٹس کوٹہ پر داخلہ ہوا جس کے بعد وہ یونیورسٹی آف سرگودھا کی فٹ بال ٹیم کےلئے منتخب ہوا اور شاندار کھیل کی بنا پر ایچ ای سی کی فٹ بال ٹیم کا حصہ بن گیا۔

بعد ازاں محمد حذیفہ نے فٹ بال کے ماہرانہ کھیل کے ذریعے غیر ملکی کوچ کو متاثر کیا اور قومی فٹ بال ٹیم کا حصہ بن گیا اور اس وقت پاکستان بمقابلہ سعودی عرب ورلڈکپ کوالیفائرمیچ کی تیاری کے لئے اسلام آباد میں لگائے گئے کیمپ کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

اس فقید المثال کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین،چیئرمین انٹر ورسٹی سپورٹس کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، صدر ٹیچنگ ڈیپارٹمنٹ سپورٹس ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر عامر علی،انچارج شعبہ سپورٹس سائنسز ڈاکٹر یاسر اقبال وڑائچ اور ڈائریکٹر سپورٹس مہر احمد خان ہرل سمیت یونیورسٹی کے اساتذہ اور سٹاف نے محمد حذیفہ کو مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ قومی فٹ بال ٹیم میں شاندار کھیل پیش کر کے ملک و قوم کا نام روشن کرے گا۔