ایسا لگتا ہے کہ راؤف حسن کی زندگی پر حملہ کیا گیا ہے

راؤف حسن بڑی جماعت کے ترجمان ہیں، ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں رہی، ہمارا مطالبہ ہے کہ حملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 21 مئی 2024 19:37

ایسا لگتا ہے کہ راؤف حسن کی زندگی پر حملہ کیا گیا ہے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی 2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ راؤف حسن بڑی جماعت کے ترجمان ہیں،ایسا لگتا ہے کہ راؤف حسن کی زندگی پر حملہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں ابھی ہسپتال کی ایمرجنسی میں آیا ہوں، اس کے زخم پر ٹانکے لگے ہیں، اس کے چہرے کے دائیں طرف زخم آیا ہے، ایسا لگتا ہے کہ راؤف حسن کی زندگی پر حملہ کیا گیا ہے، اللہ تعالیٰ نے اس کو نئی زندگی دی ہے، ایک بات واضح کردوں کہ وہ اس ملک کی سب سے بڑی جماعت کے ترجمان ہیں، پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر بھی رہے ہیں، ان کی کبھی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں رہی، نہ ہی زندگی میں کبھی کوئی ایسا کام کیا ہے جو اس پر حملے کا سبب بنے۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ راؤف حسن کی زندگی پر جو حملہ ہوا ہے،راؤف حسن پر حملے کی مکمل تحقیقات اور جانچ پڑتال کی جائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن پر نجی چینل کے دفتر کے باہر نا معلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئے، رؤف حسن پر نامعلوم افراد نے جی این این ٹی وی چینل کے آفس کے باہر اس وقت حملہ کیا جب وہ پروگرام ریکارڈنگ کے بعد وہاں سے واپس جا رہے تھے، اس حملے میں سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی کا چہرہ زخمی ہوگیا، نامعلوم افراد رؤف حسن پر حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ نہایت شرمناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے، سب سے بڑی جماعت کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات پر دن دیہاڑے وفاقی دارالحکومت میں نامعلوم افراد حملہ کر گئے، دارالحکومت میں کسی اور کی زندگی کیا ہی محفوظ ہونی ہے۔