ریال میڈریڈ اور جرمنی کے لیجنڈ فٹبالر ٹونی کروس کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

فیفا ورلڈ کپ 2014 جیتنے والی جرمن ٹیم کا حصہ رہنے والے ٹونی کروسریال میڈریڈ کے ساتھ 5 بار یو اے فا چیمپیئنز لیگ جیت چکے ہیں، رپورٹ

بدھ 22 مئی 2024 16:12

ریال میڈریڈ اور جرمنی کے لیجنڈ فٹبالر ٹونی کروس کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) معروف ہسپانوی کلب ریال میڈریڈ سے وابستہ جرمن کھلاڑی ٹونی کروس نے یورو 2024 کے بعد انٹرنیشنل فٹبال اور اپنے کلب سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2014 جیتنے والی جرمن ٹیم کا حصہ رہنے والے ٹونی کروس اپنے کلب ریال میڈریڈ کے ساتھ 5 بار یو اے فا چیمپیئنز لیگ جیت چکے ہیں، امید کرتے ہیں کہ 2 جون کو چیمپیئنز لیگ کا فائنل اور جرمن ٹیم کے ساتھ یورو 2024 جیت کر وہ اپنے پروفیشنل کریئر کو شاندار انداز میں الواداع کہیں گے۔

2021 میں یوروز میں شکست کے بعد ٹونی کروس نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا، یہی وجہ تھی کہ وہ فیفا ورلڈ کپ 2022 کھیلنے والی جرمن ٹیم کا حصہ نہیں تھے، تاہم فروری میں ٹونی کروس سے جرمنی کے منیجر نے رابطہ کیا اور انہیں یورو 2024 کھیلنے والی ٹیم کا حصہ بننے کی پیش کش کی جسے ٹونی کروس نے قبول کرلیا۔

(جاری ہے)

34سالہ جرمن فٹبالر اپنے کلب ریال میڈریڈ کے ہوم گرانڈ میں اپنا آخری میچ ہفتے کو ریال بیٹس کے خلاف کھیلیں گے، واضح رہے کہ ریال میڈریڈ ہسپانوی لیگ لالیگا کا رواں سیزن پہلے ہی اپنے نام کرچکی ہے۔

2 جون کو لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں ریال میڈریڈ اور بروشیا ڈورٹمنڈ کے خلاف چیمپیئنز لیگ کا فائنل کھیلا جائے گا جس کے حوالے سے اپنے بھائی کی پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے ریال میڈریڈ کے مڈ فیلڈر ٹونی کروس نے کہا کہ اس وقت ان کا سب سے بڑا ہدف وہمبلے اسٹیڈیم میں فتح حاصل کرنا ہے۔اگر ریال میڈریڈ فائنل جیت جاتی ہے تو یہ ٹونی کروس کا اپنے موجودہ کلب کے ساتھ چھٹا چیمپیئنز لیگ ٹائٹل ہوگا۔

اس سے قبل وہ ریال میڈریڈ کے ساتھ 2016-2018 میں ریکارڈ مسلسل 3 سال چیمپیئنز لیگ ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ٹونی کروس نے 2014 میں معروف ہسپانوی کلب ریال میڈریڈ جوائن کیا تھا جہاں انہوں نے ٹیم کے ساتھ 22 ٹائٹل جیت کر کامیاب کلب کریئر گزارا۔ ان ٹرافیز میں 5 چیمپیئنز لیگ، 5 کلب ورلڈ کپ، 4 یواے فا سپر کپ، 4 لالیگا، ایک کوپا ڈیل رے اور 4 ہسپانوی سپر کپ شامل ہیں۔

وہ 2014 کی فیفا ورلڈ کپ کی جرمن قومی فٹبال ٹیم کا حصہ بھی تھے جس نے سیمی فائنل میں میزبان برازیل کو 1-7 سے تاریخی شکست دی تھی، بعدازاں فائنل میں گوٹزے کے گول کی بدولت لیونل میسی کی ارجنٹینا کو شکست دے کر جرمنی نے چوتھی بار فیفا ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا۔ٹونی کروس پرامید ہیں کہ چیمپینئز لیگ فائنل اور جرمن قومی ٹیم کے لیے یورو 2024 جیت کر وہ اپنے شاندار کریئر میں دو ٹرافیز کا اضافہ کریں گے۔