ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، پاکستان نے مشکل مقابلے کے بعد آئر لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

آئرلینڈ کی ٹیم مقرر 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان 106 رنز بنا سکی، پاکستان نے ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر19 ویں اوور میں حاصل کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 16 جون 2024 23:16

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، پاکستان نے مشکل مقابلے کے بعد آئر لینڈ کو 3 وکٹوں ..
فلوریڈا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جون 2024ء ) آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے 36 ویں میچ میں پاکستان نے مشکل مقابلے کے بعد آئر لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ اننگز کے پہلے اوور میں ہی شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں دو وکٹیں آگئیں۔ 0 پر اینڈی بالبرن شاہین شاہ آفریدی کی گنید پر بولڈ ہوگئے جبکہ پہلے اوور کی 5ویں گیند پر آئرلینڈ کو 2 کے سکور پر لورکن ٹوکر کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑگیا۔

دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر محمد عامر کے حصے میں بھی اس وقت وکٹ آئی جب تین کے سکور پر پاول اسٹرلنگ بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ آئر لینڈ کی چوتھی وکٹ 15 کے اسکور پر گری جبکہ 28 پر اسے پانچویں وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا، چھٹے آؤٹ ہونیوالے کارٹس کیمفر تھے جو 7 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر 32 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

جارج ڈوکریل 11 رنز بنا سکے جبکہ مارک ایڈائر نے 15 رنز بنائے، بیری مکارتھی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دسویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنیوالے جوش لٹل 22 رنز اور بین وائٹ 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آئر لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 106 رنز بنائے ۔ شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوور میں 22 رنز دے کر 3 وکٹیں ، عماد وسیم نے 4 اوورز میں 8 رنزدے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عامر نے 2 اور حارث رؤف نے 1 وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان اور صائم ایوب 17، 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے فخر زمان صرف 5 رنز ہی بناسکے۔

عثمان خان 2 اور عماد وسیم 4 رنز بناکر چلتے بنے جبکہ شاداب خان کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ عماد وسیم 4 سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔ عباس آفریدی 17سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔ بابر اعظم 32 اور شاہین آفریدی 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آئرلینڈ کی طرف سے بیری میک کارتھی نے 3، کرٹس کیمپفر نے 2، بین وائٹ اور مارک ایڈئر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم میں آج کے میچ کیلئے نسیم شاہ کی جگہ عباس آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ میں امریکا، بھارت کے ہاتھوں شکست اور پھر کینیڈا کیخلاف کم مارجن سے کامیابی نے قومی ٹیم کو ایونٹ کے پہلے راؤنڈ سے باہر کردیا ہے تاہم اب رسمی طور پر پاکستان آج آئرلینڈ کیخلاف آخری گروپ میچ میں حصہ لے رہا ہے۔ پاکستان ٹیم میں بابراعظم ، فخر زمان ، حارث روف ، عماد وسیم ، محمد عباس آفریدی ، محمد رضوان ، صائم ایوب ، شاداب خان ، شاہین خان آفریدی ، عثمان خان شامل ہیں۔ آئرلینڈ کے کپتان پال سٹرلنگ کا کہنا تھا کہ آئرش ٹیم میں کریگ ینگ کی جگہ بین وائٹ کو شامل کیا گیا ، کوشش کریں گے غلطیاں نہ دھرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ۔