شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ ظلم کی انتہا ہے، مولانا عبد الماجد فاروقی

عوام کے صبر کو مزید آزمانے کے بجائے انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں،صوبائی صدر امن کونسل

بدھ 22 مئی 2024 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) صوبائی صدر پاکستان امن کونسل سندھ، مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن، امام و خطیب جامع مسجد الخلیل بھٹائی آباد گلستان جوہر مولانا عبد الماجد فاروقی نے کہا ہے کہ شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ ظلم کی انتہا ہے، عوام کو کسی طرح بھی جینے کا حق نہیں دیا جارہا ہے آخر حکمران کیوں نہیں سمجھ رہے ہیں کہ اگر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا تو حالات قابو سے باہر ہوسکتے ہیں اس لیے حکمرانوں کو چاہئے کہ عوام کے صبر کو مزید آزمانے کے بجائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں عوام اپنے اوپر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم سے تنگ آچکے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے امن کونسل کے صوبائی سیکریٹریٹ گلستان جوہر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مولانا محمد عکاشہ، محمد اسحاق چشتی بھی موجود تھے مولانا عبد الماجد فاروقی نے کہا کہ آئین پاکستان میں عوام کے بنیادی حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کیا گیا ہے اس لیے کہ انسانی و بنیادی حقوق کو اسلام اور عالمی انسانی حقوق کے چارٹر میں بہت اہمیت دی گئی ہے لیکن افسوس ملک میں انسانی و بنیادی حقوق کو مسلسل روندا جارہا ہے جس سے عوام وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مایوس ہورہے ہیں اور اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے کبھی بھی میدان میں نکل سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :