Live Updates

پی ٹی آئی رہنماؤں کا روپوشی ختم کرنے کا اعلان‘ حماد اظہر منظر عام پر آگئے

عمران خان کا پیغام موصول ہوا اب آپ کے باہر آنے کا وقت ہوگیا ہے، رؤف حسن پر تشدد ہونے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام روپوش رہنما اب سامنے آئیں گے۔ سابق وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 22 مئی 2024 17:46

پی ٹی آئی رہنماؤں کا روپوشی ختم کرنے کا اعلان‘ حماد اظہر منظر عام پر ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے روپوشی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی ائی رہنماء حماد اظہر پارٹی کے مرکزی ترجمان رؤف حسن کی عیادت کے لیے اسلام آباد سیکریٹریٹ پہنچے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پہلے خان صاحب کا حکم تھا کہ تم روپوش رہو، یہ تم پر متشدد حملہ کر سکتے ہیں، مجھے عمران خان کی جانب سے کل رات کو پیغام موصول ہوا کہ باہر آجاؤ اب باہر آنے کا وقت ہوگیا ہے، رؤف حسن پر حملے کے بعد اب خاموشی جرم ہے، رؤف حسن پر تشدد ہونے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام روپوش رہنما اب سامنے آئیں گے، بہت جلد مراد سعید سمیت تمام روپوش رہنما باہر آئیں گے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ جگہ جگہ ٹی وی چینلز پر سوٹ پہنا کر ٹاؤٹوں کو بٹھایا ہوا ہے، آدھی پارلیمان جعلی ہے، کہنے کو مُلک چل رہا ہے، ایسے تو مُلک نہیں چلتا، ملک میں نہ آئین ہے اور نہ قانون ہے، فرد واحد کی آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، عمران خان نے ہمیں ہر جگہ ورکر کنونشن کرنے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

حماد اظہر یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اسٹیبلیشمنٹ کے جھوٹ، فریب، بلیک میلنگ اور تشدد کی لمبی داستانیں ہیں، یہ لوگ اپنے سیاسی مقاصد کے لئے اس حد تک چلے گئے کہ اب پتا نہیں کیسے نظریں بھی ملا سکیں گے، اسٹیبلشمنٹ سے عمران خان نے اس وقت تک کوئی بات چیت نہیں کرنی، جب تک عوام کا چوری شدہ مینڈیٹ واپس اور عمران خان، بشری بی بی سمیت تمام قائدئن اور رہنماؤں کی رہائی نہیں ہوتی لیکن اس کے علاوہ ایک اور مسئلہ یہ ہے کہ مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے اور یہ میری ذاتی رائے ہے کے موجودہ اسٹیبلشمنٹ میں ساکھ اور اخلاقیات کا فقدان ہے، 9 مئی تو ایک بہانہ بنایا گیا لیکن اس سے پہلے بھی ان کے کسی لفظ کی کوئی اہمیت نہ تھی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ کچھ بھی نہیں جو ہمارے لوگوں اور ان کے گھر والوں کے ساتھ کیا گیا اگر کبھی تفصیلات سامنے آئیں تو رونگھٹے کھڑے ہو جائیں گے کہ کیا کوئی ایک انسان کسی دوسرے پر اتنا ظلم کر بھی سکتا ہے اور وہ بھی اپنے ہی ہم وطن کے ساتھ؟۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات