قومی فضائی کمپنی کافیصل آباد سے غیر ملکی پروازوں کیساتھ ساتھ ڈومیسٹک پروازوں کا سلسلہ شروع کرنے کا بھی فیصلہ

جمعرات 23 مئی 2024 23:20

قومی فضائی کمپنی کافیصل آباد سے غیر ملکی پروازوں کیساتھ ساتھ ڈومیسٹک ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2024ء) قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے فیصل آبادانٹر نیشنل ایئرپورٹ سے غیر ملکی پروازوں کیساتھ ساتھ ڈومیسٹک پروازوں کا سلسلہ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔یہ بات پی آئی اے کے جنرل منیجر شفیق احمد نے جمعرات کو گزشتہ سال کے دوران بہترین سیل کرنیوالے ٹریول ایجنٹس میں سووینیئر اور سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے بتایا کہ مشکل حالات کے باوجود پی آئی اے نے اپنے بین الاقوامی معیار کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے اور اس سلسلہ میں ٹریول ایجنٹس کا کردار مسلمہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد سے اندرون ملک پروازوں کے ساتھ ساتھ جدہ اور مدینہ منورہ کیلئے بھی دوبارہ پروازوں کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے تاہم اس سلسلہ میں انہیں ٹریول ایجنٹس کی تجاویز، سفارشات اور آراءکی ضرورت ہے تاکہ اس سلسلہ میں طویل المیعاد اور ٹھوس منصوبہ بندی کی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹریول ایجنٹس پر زور دیا کہ وہ پی آئی اے کو قومی ائیر لائن سمجھتے ہوئے اس کی بہتری کیلئے قابل عمل تجاویز دیں تاکہ ہم اس ادارہ کی عظمت رفتہ کو بحال کر سکیں۔ اس موقع پر ریجنل منیجر محمد عثمان، ڈسٹرکٹ منیجر محمد شاہد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔