ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے دھکیلنے والوں میں گھبراہٹ بڑھتی جا رہی ہے، مریم اورنگزیب

وزیراعظم نے مشکل ترین وقت میں پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کرنے کا بیڑہ اٹھایا، بہادری، دلیری اور نیک نیتی سے عوام کا بازو بنے اور ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔ سینئر وزیر پنجاب کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 19 جون 2024 13:00

ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے دھکیلنے والوں میں گھبراہٹ بڑھتی جا رہی ہے، مریم ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنماء اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام اور صنعت کار برادری کو ریلیف دینے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 100 دن میں وزیراعظم نے وفاق اور مریم نواز شریف نے پنجاب میں عوامی خدمت اور ملکی معیشت کی بحالی کے لئے بے مثالی کام کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا بجٹ معیشت کو درست سمت میں ڈالنے اور استحکام دینے کا نظریہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ 100دن میں وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاق اور وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں عوامی خدمت اور ملکی معیشت کی بحالی کیلئے بے مثال کام کیا، پچھلے ادوار میں معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ ہوا وہ سلسلہ اب بند ہوچکا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل ترین وقت میں پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کرنے کا بیڑہ اٹھایا، بہادری، دلیری اور نیک نیتی سے عوام کا بازو بنے اور ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب ملک کو معاشی ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ ہمارے قائد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن ملک کو واپس ترقی و خوشحالی کی منزل کی طرف تیزی سے لے جا رہی ہے، صنعتوں کے لئے بجلی کی لاگت کم ہونے سے کاروبار، روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہو گا، پٹرول کی قیمت میں اب تک 35 روپے کی کمی عوام سے وعدوں کی تکمیل اور خوشحالی کی نوید ہے، عوام کے لئے بڑھتا ہوا ریلیف دیکھ کر ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے دھکیلنے والوں میں گھبراہٹ بڑھتی جا رہی ہے، اللہ سب بہتر کرے گا اس کے لیے بس عوام کو ساتھ دینا ہوگا۔