عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی،پیمرا کو ٹی وی چینلز کیخلاف تادیبی کارروائی سے روک دیاگیا

جسٹس عامر فاروق نے اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کی جانب سے پیمرا نوٹیفکیشن کے خلاف مشترکہ درخواست پر سماعت کی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 24 مئی 2024 14:26

عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی،پیمرا کو ٹی وی چینلز کیخلاف تادیبی ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 مئی 2024 ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کے خلاف درخواست پر پیمرا کو ٹیلی ویژن چینلز کیخلاف تادیبی کارروائی کرنے سے روکتے ہوئے نوٹس جاری کر دیا، جسٹس عامر فاروق نے اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کی جانب سے پیمرا نوٹیفکیشن کے خلاف مشترکہ درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزاروں کے وکلاءبیرسٹر اعجاز گیلانی اور ریاست علی آزاد عدالت میں پیش ہوئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور سیکریٹری انفارمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست پر سماعت 28 مئی تک ملتوی کردی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کا پیمرا کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے پابندی کیخلاف درخواست دائر کی تھی۔پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے صدور عقیل افضل اور فیاض محمود نے نوٹیفکیشن کے خلاف عدالت عالیہ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔پیمرا نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست میں سیکریٹری اطلاعات اور چیئرمین پیمرا کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست میں پیمرا کا نوٹیفکیشن غیر آئینی قرار دے کر کالعدم اور درخواست پر حتمی فیصلے تک معطل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔درخواستگزاروں کا کہنا تھاکہ پیمرا نے 21 مئی کو ترمیمی نوٹیفکیشن سے عدالتی رپورٹنگ سے متعلق ہدایات جاری کیں، پیمرا کا نوٹیفکیشن آئین کے آرٹیکل 19 اور 19 اے کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی پیمرا کے نوٹیفکیشن میں غلط تشریح کی گئی۔