Live Updates

پنجاب حکومت کا جان بچانے والی ادویات کی قلت میں ملوث کالی بھیڑوں کا محاسبہ کرنے کا فیصلہ

مصنوعی قلت کرنے والے عناصر کو بےنقاب کرنے میں ہمارا ساتھ دیں، ادویات کی قلت کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ وزیرصحت پنجاب خواجہ عمران نذیر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 24 مئی 2024 20:54

پنجاب حکومت کا جان بچانے والی ادویات کی قلت میں ملوث کالی بھیڑوں کا ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی 2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر سے ڈرگ ڈسٹریبیوٹرز کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پنجاب کے ڈرگ ڈسٹری بیوٹرز نے محکمہ صحت کے وضع کردہ ادویات سپلائی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام سے متعلق اپنے مطالبات و خدشات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق صوبہ بھر میں جان بچانے والی ادویات کی قلت کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

ادویات کی قلت میں ملوث کالی بھیڑوں کا سخت محاسبہ کیا جائے گا۔ خواجہ عمران نذیر نے ڈرگ ڈسٹری بیوٹرز سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ادویات کی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت کرنے والے عناصر کو بے نقاب کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب نے ادویات کی سپلائی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کیلئے ڈسٹری بیوٹرز انوینٹری مینجمنٹ سسٹم (DMIS) وضع کیا ہے جس سے ادویات کی سپلائی کا عمل شفاف ہوگا اور بلاتعطل فراہمی جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی ادویات تک بلاتعطل رسائی انکا بنیادی حق ہے۔صوبائی وزیر نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ڈرگ ڈسٹری بیوٹرز کے جائز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے ڈرگ کنٹرول ونگ کو ہدایت کہ کہ تمام مطالبات و مسائل کے حل کے لئے ایک ٹیکنکل کمیٹی تشکیل دی جائے جن میں ڈرگ ڈسٹری بیوٹرز کے نمائندے شامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیسن  فارما اور ڈرگ ڈسٹری بیوٹرز کو ناجائز تنگ کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا جائے گا۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ  ملک میں ادویات کی مینوفیکچرنگ کے لئے مقامی فارما انڈسٹری کو مکمل سپورٹ کیا جائے گا۔ اس موقع پرڈی جی ڈرگ کنٹرول محمد سہیل، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر قلندر خان، چیف ڈرگ کنٹرول اظہر جمال سلیمی، سیکرٹری پی کیو سی بی ڈاکٹر منور حیات، ڈرگ مینو فیکچرر خواجہ شاہ زیب سمیت UDL ڈسٹری بیوٹر، فرحت علی فارما، پیراماؤنٹ فارما، پارس ڈسٹری بیوٹر، سمید ڈسٹری بیوٹر اور خواجہ ڈسٹری بیوٹر کے مالکان بھی موجود تھے۔ڈرگ ڈسٹری بیوٹرز نے انکے مطالبات کے حل کی یقین دہانی پر صوبائی وزیر صحت کا شکریہ ادا کیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات