پنجاب میں پرائیویٹ سکولوں میں نصابی سرگرمیوں پر پابندی عائد

کل بروز منگل سے کسی بھی پرائیویٹ سکول کو تدریسی سرگرمیوں کی اجازت ہر گز نہیں ہوگی،چھٹیوں کے دوران سکول کھولنے پر نجی سکول مالکان کو محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا،سیکرٹری سکولز ایجوکیشن

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 27 مئی 2024 15:52

پنجاب میں پرائیویٹ سکولوں میں نصابی سرگرمیوں پر پابندی عائد
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مئی 2024 ) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں پرائیویٹ سکولوں میں نصابی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی، کل بروز منگل سے کسی بھی پرائیویٹ سکول کو تدریسی سرگرمیوں کی اجازت ہر گز نہیں ہوگی،سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے تمام سکولوں کو سخت ہدایات جاری کردیں،پنجاب بھر کے تمام سی او ایجوکیشن کوبھی احکامات پر عملدرآمد کروانے کیلئے پابند کردیا گیا۔

محکمہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ چھٹیوں کے دوران سکول کھولنے پر نجی سکول مالکان کو محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا ۔سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ سکولوں کی طرف سے خلاف ورزی پر انکے خلاف قانونی کارروائی کی جائےگی۔

(جاری ہے)

پرائیویٹ سکول کھولنے پر والدین متعلقہ اضلاع میں ایجوکیشن اتھارٹیز کو شکایت درج کروا سکیں گے۔

ڈاکٹر احتشام انور کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کے افسران سکول کا وزٹ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظرپرائیویٹ تعلیمی اداروں میں ہم نصابی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔واضح رہے کہ پنجاب میں تمام سرکاری اور غیر سرکاری سکول ہیٹ ویو کے پیش نظر 25 مئی سے 31 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کیاگیاتھا۔ تعطیلات کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام سرکاری اور غیر سرکاری سکول ہیٹ ویو کے پیش نظر 25 مئی سے 31 مئی تک بند کرنے کاکہا گیاتھا۔ تاہم جن سکولوں میں امتحانات منعقد کئے جا رہے تھے انہیں تمام احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے امتحانات کیلئے اجازت دی گئی تھی۔اس سے قبل پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں یکم جون سے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان جبکہ شدید گرمی کے باعث اوقات کار بھی تبدیل کر دیئے گئے تھے ۔

محکمہ سکولز ایجوکیشن سکول نے موسم گرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیاگیاتھا جس کے مطابق صوبے بھر میں تمام نجی و سرکاری سکولز میں یکم جون سے چھٹیاں کااعلان کیاگیاتھا۔ 14 اگست تک تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، فیصلے کا اطلاق تمام نجی و سرکاری سکولوں پر ہوگا۔موسم گرما کی تعطیلات کے بعد 15 اگست سے سکولز میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائیگا۔ ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی تھی۔محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا تھاکہ پیر سے جمعرات تک سکولوں کا آغاز 7 بجے ہوگا جبکہ چھٹی ساڑھے 11 بجے ہوگی، جمعہ کے روز چھٹی ساڑھے 10 بجے ہوگی۔