جاری مالی سال کے اسلامی مالیات کی مد میں 170 ارب روپے کی بچتوں اور سرمایہ کاری کا ہدف مقرر

پیر 12 اگست 2024 17:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2024ء) سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز ( سی ڈی این ایس) نے جاری مالی سال کے اسلامی مالیات کے تحت 170 ارب روپے کی بچتوں اور سرمایہ کاری کا ہدف مقررکیا ہے۔ سی ڈی این ایس کے ایک سینئر اہلکار نے اے پی پی کو بتایا کہ جاری مالی سال کے لئے سی ڈی این ایس نے اسلامی مالیات اور سرمایہ کاری کے حوالے سے 170 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہدف سے زیادہ بچتوں کے حصول کو ممکن بنایا جا سکےگا جس سے ملک میں اسلامی مالیات اور اقتصادیات کو فروغ حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلامی مالیات کے اسلامی بانڈز کااجرا کیا جا رہاہے اور گزشتہ سا ل اسلامی بانڈز کے اجرا کے ذریعے ادارے نے 75 ار ب روپے کی بچتوں کا ہدف حاصل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی مالیات اب عالمی مالیاتی نظام کا اہم حصہ ہے۔ کئی ممالک میں اسلامی مالیات کے تحت مالیاتی مصنوعات متعارف کرائے گئے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سی ڈی این ایس میں ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالےسےاقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ادارے کے صارفین کے لئے اے ٹی ایم سروس کا آغازکیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مختلف مالیاتی مصنوعات بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں۔