جیکب آباد میں خناق کی وباء پھیل گئی، ایک ماہ کے دوران 7 بچے انتقال کرگئے،محکمہ صحت نے کوئی نوٹس نہیںلیا

جمعرات 16 جنوری 2025 23:08

جیکب آباد میں خناق کی وباء پھیل گئی، ایک ماہ کے دوران 7 بچے انتقال کرگئے،محکمہ ..
جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2025ء) جیکب آباد میں خناق کی وباء پھیل گئی، ایک ماہ کے دوران 7 بچے انتقال کرگئے، کئی بچے مبتلا، محکمہ صحت نے کوئی نوٹس نہیںلیا، علاقہ مکین پریشان۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کی یونین کونسل بچھڑو کے گاؤں ایاز خان کھوسو میں خناق کی وباء تیزی سے پھیلنے لگی ہے، جس کی وجہ سے ایک ماہ کے دوران 7 بچے فوت ہوچکے ہیں جبکہ کئی معصوم بچے اس وباء میں مبتلا ہوکر زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں، ملنے والی اطلاعات کے مطابق خناق کی وباء سے فوت ہونے والوں میں 4 سالہ علی احمد، 6 سالہ غلام رسول، 7 سالہ آصف علی، 5 سالہ راشد علی، 6 سالہ علی شیر، 4 سالہ علی اکبر، 5 سالہ گل محمد شامل ہیں جبکہ اس وقت بھی 4 سالہ مٹھی، 5 سالہ مٹھل اور 3 سالہ غلام مصطفی سمیت کئی بچے خناق میں مبتلا ہیں، علاقہ مکینوں نے بتایا کہ گلے میں سوجن ہونے کے بعد بچے کھانے پینے اور بولنے سے محروم ہوجاتے ہیں جس کے بعد ان کی موت واقعہ ہوجاتی ہے، متاثرہ گاؤں کے مکینوں نے کہا کہ بچوں کی اموات کے باوجود محکمہ صحت کی کوئی ٹیم نہیں پہنچی انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہنگامی بنیادوں پر محکمہ صحت کی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں میں بھیج کر معصوم بچوں کی زندگیاں بچائی جائیں، بچوں کی بیماریوں کے مشہور ڈاکٹر عبدالرشید وہاب میمن نے بتایا کہ بچوں میں خناق کی ویکسینیش نہ ہونے کی وجہ سے یہ وباء پھیل رہی ہے اس وباء کو روکنے کے لیے بچوں کو ویکسینیشن کرائی جائے، انہوں نے کہا کہ جیکب آباد میں خناق کی ویکسین موجود نہیں سکھر کی چلڈرن اسپتال میں اس کی ویکسین موجود ہے اس لیے متاثرہ بچوں کو فلفور سکھر چلڈرن اسپتال سے ویکسین کرائی جائے تاکہ مزید اموات کو روکا جاسکے، انہوں نے کہا کہ جیکب آباد ضلع میں ای پی آئی سینٹر کام نہیں کررہے اور بچوں کو ویکسین نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے بچے وبائی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ ایک مہلک بیماری ہے جوکہ ناک اور گلے کی جھلیوں کو نشانہ بناتی ہے اس کی علامات میں کمزوری، بخار اور گلے کی خرابی شامل ہے اس کی سب سے اہم علامت سانس لینے میں دشواری ہے ترقی یافتہ ممالک میں یہ بیماری نہ ہونے کے برابر ہے ویکسین کی مدد سے اس بیماری سے تحفظ ممکن ہے، اس وباء سے تحفظ کے لیے بچوں کو ویکسینیشن کی جائے۔

متعلقہ عنوان :