وزیرتعلیم رانا سکندرحیات کی کاوش سے پھولنگر میں خستہ حال سکول کی تعمیر و مرمت مکمل

سکول میں پہلے صرف چند طلبہ تھے ،اس وقت بچوں کی تعداد 500سے تجاوز کرچکی ہے ‘اعجاز احمد

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 14:32

وزیرتعلیم رانا سکندرحیات کی کاوش سے پھولنگر میں خستہ حال سکول کی تعمیر ..
پھولنگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2025ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات خاں نے پھولنگر کے علاقہ بھونیکی میں خستہ حال اور کھنڈر بنے سکول کا نوٹس لیکر اسکی چاردیواری اور کلاس رومز کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کروا دیا اور مزید کلاس رومز تعمیر کرنے کی خوشخبری بھی سنا دی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پھولنگر کے علاقہ بھونیکی میں ایلیمنٹری سکول کی عرصہ کئی سالوں سے نا تو چاردیواری تھی اور نا ہی بچوں کے بیٹھنے کے لئے کلاس رومز تھے جس پر وزیرتعلیم رانا سکندر حیات نے نوٹس لیتے ہوئے اسکی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کروادیا ۔

وزیرتعلیم کی ہدایت پر این جی او کے ڈائریکٹر اعجاز احمد ،فوکل پرسن ڈاکٹر عامر رشید اور رانا بلال خاں نے سکول کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیرتعلیم رانا سکندر حیات پنجاب کے ہر تعلیمی ادارے کو مثالی بنانے اور علم کی شمع روشن کرنے کے لئے دن رات متحرک ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بھونیکی سکول میں پہلے صرف چند طلبہ تھے اور وزیرتعلیم کی خصوصی توجہ کی وجہ سے سکول میں اس وقت بچوں کی تعداد 500سے تجاوز کرچکی ہے ،یہ عمل پنجاب حکومت کی تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔