سیف علی خان پر حملے کا معاملہ، ایک اور مشتبہ شخص گرفتار کر لیا گیا

مشتبہ شخص کو ممبئی پولیس کی نشاندہی پر چھتیس گڑھ کے ریلوے اسٹیشن سے حراست میں لیا گیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 18 جنوری 2025 20:59

سیف علی خان پر حملے کا معاملہ، ایک اور مشتبہ شخص گرفتار کر لیا گیا
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جنوری2025ء) سیف علی خان پر حملے کا معاملہ، ایک اور مشتبہ شخص گرفتار کر لیا گیا، مشتبہ شخص کو ممبئی پولیس کی نشاندہی پر چھتیس گڑھ کے ریلوے اسٹیشن سے حراست میں لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بال وڈ اسٹار سیف علی خان پر ممبئی میں ان کے گھر پر ہوئے حملے کی تحقیقات کے دوران اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے ایک اور مشتبہ شخص کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا۔

بھارت کے نجی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ریلوے پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ممبئی پولیس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر مشتبہ شخص کو ممبئی سے جانے والی ٹرین سے گرفتار کیا گیا۔ بھارت کی ریلوے پولیس کے مطابق گرفتار مشتبہ شخص سے تفتیش جاری ہے، ملزم کو جلد ممبئی پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جبکہ اس سے قبل گزشتہ روز بھی ایک شخص کی گرفتاری عمل میں آئی تھی، تاہم اسے پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا تھا۔

ممبئی پولیس کی جانب سے مشتبہ شخص سے باندرہ پولیس اسٹیشن پر پوچھ گچھ کی گئی، جس کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا۔ مشتبہ شخص سے متعلق پولیس کی جانب سے کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔ دوسری جانب ڈاکٹروں نے سیف علی خان کی حالت خطرے سے باہر قرار دی ہے۔ سرجری کے دوران ڈاکٹروں نے سیف علی خان کی ریڑھ کی ہڈی سے 2.5 انچ لمبا چاقو نکالا اور اسپائنل فلوئڈ کے نقصان کی مرمت کی۔

اداکار فی الحال آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں۔ اس سے قبل بالی وڈ سٹار سیف علی خان پر ان کے گھر میں ہوئے حملے کے حوالے سے ممبئی پولیس نے ابتدائی تحقیقات کی تفصیلات جاری کیں، جن میں چونکا دینے والا انکشاف کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ سیف علی خان پر حملہ کرنے والے شخص کو گھر کے اندر سے مدد فراہم کی گئی، پولیس حملہ آور کے مقامی مدد گاروں تک پہنچنے کیلئے کوشاں ہے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور نے ملحقہ عمارت سے دیوار پھلانگ کر گھر کے احاطے میں داخل ہونے کے بعد فائر ایگزٹ کا استعمال کرتے ہوئے سیف اور کرینہ کے اپارٹمنٹ تک رسائی حاصل کی۔ پولیس کے مطابق گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جس میں دو مشتبہ افراد دکھائی دیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، ملزمان تک جلد سے جلد پہنچنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

ممبئی پولیس کی جانب سے حملہ آور کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل کردہ تصویر بھی جاری کی گئی ہے، جبکہ حملہ اور سیف علی خان کے درمیان ہونے والی گفتگو کی مبینہ تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حملہ آور کی جانب سے سیف علی خان سے 1 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی اداکار سیف علی خان کو ممبئی کے پوش علاقے میں واقع اپارٹمنٹ کی 12ویں منزل پر ان کے فلیٹ میں چاقو کے وار سے زخمی کردیا گیا جس کے بعد انہیں فوری طور پر لیلاوتی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی ایمرجنسی سرجری کی اور انہیں خطرے سے باہرقرار دیا۔

سیف علی خان پر حملہ کرنے والے کی تصویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں اسے واقعے کے بعد سیڑھیوں سے نیچے اترتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے کی طرف دیکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق جب حملہ آور نے سیف علی خان کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی تو اداکار کی گھریلو ملازمہ نے شور مچایا توچور نے سب سے پہلے چاقو سے اس پر حملہ کیا گیا، ملازمہ کے ہاتھ پر معمولی زخم بھی آئے، اداکار سیف علی خان فورا مدد کیلئے پہنچے اور حملہ آور سے جھگڑے کے دوران زخمی ہوگئے۔ حملہ آور نے انہیں 6بارچاقو مارا جن میں ایک چاقو ان کی ریڑھ کی ہڈی میں پھنس گیا جسے نکال لیا گیا ہے۔