خیبرپختونخواہ حکومت کا پی ٹی آئی سمیت سب کے غیرقانونی مقدمات واپس لینے کا فیصلہ

سیاسی حریفوں سمیت صوبے میں جس کے خلاف بھی غیر قانونی ایف آئی آرز ہیں انہیں واپس لیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 1 مارچ 2025 14:59

خیبرپختونخواہ حکومت کا پی ٹی آئی سمیت سب کے غیرقانونی مقدمات واپس لینے ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مارچ 2025ء ) خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت نے پی ٹی آئی سمیت سب کے تمام غیر قانونی مقدمات واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل محمد انعام یوسفزئی کا کہنا ہے کہ صوبے میں جس کے خلاف بھی غیر قانونی ایف آئی آرز ہیں، انہیں واپس لیا جائے گا، اس حوالے سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ہدایات دی ہیں کہ پورے صوبے کے غیر قانونی اور سیاسی مقدمات واپس لیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جس کے خلاف بھی مقدمہ نہیں بنتا اسے واپس لیا جائے گا، صرف پی ٹی آئی ہی نہیں بلکہ سب کے غیر قانونی مقدمات واپس لیے جائیں گے، غیرقانونی مقدمات واپس لینے سے عدالتوں پر بھی بوجھ کم ہو جائے گا، اس لیے یہ بھی ضروری ہے کہ پراسیکیوٹرز میرٹ پر مقدمات دیکھیں اور جو مقدمہ نہیں بنتا اسے واپس لیں، پراسیکیوٹرز اپنے کام میں آزاد ہیں اور ان پر کوئی دباؤ نہیں ڈال سکتا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ ماہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخواہ عہدے سے مستعفی ہوئے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا ہسید کوثر علی شاہ نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کو بھجوایا، جس میں کوثر علی شاہ نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن نے میرے ساتھ امتیازی سلوک کیا، سیاسی جماعت سے وابستگی کی بنیاد پر میرے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا، بانی پی ٹی آئی اور قاضی انور ایڈووکیٹ کا شکریہ کرتا ہوں، ایڈیشنل ایڈووکیٹ کی پوسٹ پر دونوں کا شکر گزار ہوں، بحیثیت وکیل اپنا پیشہ جاری رکھوں گا۔

ذرائع سے معلوم ہوا تھا کہ سید کوثر علی شاہ کا نام پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز کیلئے فہرست میں شامل تھا تاہم کوثر علی شاہ کو پی ٹی آئی کی رکنیت نہ چھوڑنے پر ایڈیشنل جج نامزد نہیں کیا گیا۔