شہری مکمل بھروسے اور اعتماد کے ساتھ شکایات لائیں، فوری کارروائی ہو گی، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران

پیر 12 مئی 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ جرائم کا انسداد، انصا ف کی فراہمی لاہور پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔شہری مکمل بھروسے اور اعتماد کے ساتھ شکایات لائیں، فوری ایکشن ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مردوخواتین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کھلی کچہری میں شرکت کی۔

شہریوں کی جانب سے لین دین معاملات میں فراڈ، لڑائی جھگڑے و دیگر شکایات موصول ہوئیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ویڈیو لنک پر طلب کر کے فوری احکامات جاری کئے۔ فیصل کامران نے لین دین تنازے پرشہری کے اغواہ اور تشدد کی شکایت پر ایس پی سول لائنز کو انکوائری مارک کرتے ہوئے وقوعہ کی تصدیق ہونے پر فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح دھمکیوں، لڑائی جھگڑوں کی شکایات پر ایس ایچ اوز باغبانپورہ،مصطفی آباداور ایس ایچ او سبزہ زار کو کارروائی کا حکم دیا گیا۔ انہوں نے لین دین، فراڈ اور جھوٹی درخواستوں کی شکایات کی انکوائریاں ایس پیز کینٹ اور اقبال ٹان کو مارک کی۔انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ عوامی شکایات کے ازالے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد عمل میں لایاجارہا ہے۔