پنجاب حکومت کا سی ٹی ڈی میں نیا کائونٹر نیریٹو ونگ قائم کرنے کا فیصلہ

120نئی آسامیوں پر بھرتیوں کی بھی منظوری ،مجموعی طور پر 3 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی

منگل 29 ستمبر 2026 23:45

پنجاب حکومت کا سی ٹی ڈی میں نیا کائونٹر نیریٹو ونگ قائم کرنے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2026ء) پنجاب حکومت نے کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )میں نیا کائونٹر نیریٹو ونگ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ کائونٹر نیریٹو اینڈ کاگنیٹو سکیورٹی ونگ کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ نئے ونگ کے لیے 120نئی آسامیوں پر بھرتیوں کی بھی منظوری دی گئی ہے۔منصوبے کے تحت پروجیکٹ ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور سینئر اینالسٹس کی بھرتی کی جائے گی۔

او ایس آئی این ٹی اور ڈارک ویب اینالسس کے ماہرین بھی نئے ونگ کا حصہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ڈیجیٹل میڈیا منیجرز، سوشل میڈیا اسٹریٹجسٹس، فیکٹ چیکنگ سپیشلسٹس اور کنٹینٹ رائٹرز بھی بھرتی کیے جائیں گے۔نئے ونگ کے لیے 40فیلڈ کوآرڈینیٹرز سمیت دیگر معاون عملے کی بھرتی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ کائونٹر نیریٹو ونگ کے لیے سالانہ 49کروڑ 21لاکھ روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی ہے جبکہ اس منصوبے پر مجموعی طور پر 3 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔نیا ونگ ڈیجیٹل پروپیگنڈے اور ریاست مخالف بیانیے سے نمٹنے پر توجہ دے گا جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر معلومات کے تجزیے اور فیکٹ چیکنگ بھی کرے گا۔