برطانیہ کی خفیہ ایجنسی MI6 کی سربراہی پہلی بار ایک خاتون کے سپرد

بلیز میٹرویلی ستمبر میں موجودہ سربراہ سر رچرڈ مور کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی

پیر 16 جون 2025 12:05

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء)برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 کو اس کی 116 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون افسر کی قیادت حاصل ہوگئی، بلیز میٹرویلی کو MI6 کی نئی چیف مقرر کیا گیا ہے، جو رواں سال ستمبر میں موجودہ سربراہ سر رچرڈ مور کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق بلیز میٹرویلی نے 1999 میں ایم آئی 6 میں شمولیت اختیار کی تھی، وہ اس وقت ایجنسی میں ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبے کی سربراہ یعنی ڈائریکٹر جنرل کیو (Q) کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔

ان کا شمار برطانیہ کے قومی سلامتی کے ماہر اور تجربہ کار افسران میں ہوتا ہے، جنہوں نے مشرق وسطی اور یورپ میں کئی اہم مشنز کی قیادت کی۔وزیرِاعظم سر کیئر اسٹارمر نے ان کی تقرری کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقرری ایک ایسے وقت پر ہوئی جب برطانیہ کو بیمثال سلامتی خطرات کا سامنا ہے، بلیز کی قیادت میں MI6 اپنی ذمہ داریاں مزید مثر طریقے سے ادا کرے گی۔