مہوش حیات نے ساحر لودھی کے حق میں آواز بلند کردی

پیر 21 جولائی 2025 22:58

مہوش حیات نے ساحر لودھی کے حق میں آواز بلند کردی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)معروف اداکارہ مہوش حیات نے ساحر لودھی کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے ممکری کرنیوالے اداکاروں کو احترام کا دامن نہ چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔اداکار و میزبان ساحر لودھی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے، ان کی روزمرہ کی مصروفیات پر مبنی ویڈیوز وائرل ہو چکی ہیں اور عوام کو ان کا انداز بیحد پسند آ رہا ہے۔

تاہم ان ویڈیوز کی مقبولیت کے بعد کئی معروف فنکاروں نے ساحر لودھی کی نقالی پر مبنی ویڈیوز بنانا شروع کردیں۔ ان میں فیصل قریشی، یاسر نواز اور اعجاز اسلم شامل ہیں، سب سے پہلے ویڈیو یاسر نواز نے بنائی، جس کے بعد دیگر فنکاروں نے بھی اسی طرز پر ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں۔اس صورتحال پر مہوش حیات نے شدید ردِ عمل دیا، انہوں نے کہا کہ ساحر لودھی نے اس سخت اور مسابقتی انڈسٹری میں اپنی جگہ بنائی اور آج بھی اپنے مقام پر ہیں، کسی کے انداز سے اختلاف کیا جا سکتا ہے، مگر بنیادی احترام کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں نرمی اور رواداری کی ضرورت ہے اور طنز و تمسخر کی بجائے ایک دوسرے کو سہارا دینا چاہیے۔ادھر ساحر لودھی نے بھی اس بارے میں بات کی ہے اور واضح کیا ہے کہ وہ ان ویڈیوز سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور اپنی کارکردگی پر پوری توجہ دے رہے ہیں۔