سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی انتقال کرگئے

پیر 15 ستمبر 2025 22:59

سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی انتقال کرگئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)پاکستان کے معروف ننھے سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ انتقال کرگئے۔افسوسناک خبر احمد شاہ نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اطلاع دی۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ہمارے خاندان کا ننھا چمکتا ستارہ عمر شاہ خالقِ حقیقی سے جا ملا۔ ساتھ ہی مداحوں سے ان کی مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا کی درخواست بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

عمر شاہ اپنی معصوم مسکراہٹ اور شرارتی طبیعت کے باعث مداحوں میں بے حد مقبول تھے۔ وہ اکثر اپنے بڑے بھائی احمد شاہ کے ساتھ ویڈیوز اور ٹی وی پروگرامز میں دکھائی دیتے تھے، خصوصا رمضان ٹرانسمیشن کے دوران ان کی موجودگی ناظرین کو بہت پسند آتی تھی۔عمر کے اہلخانہ نے بتایا کہ وہ بالکل ٹھیک تھے لیکن رات کو اچانک طبیعت خراب ہوئی اور انہیں قے آئی۔ قے کے باعث کوئی چیز سانس کی نالی میں چلی گئی جس کے بعد انہیں سول ہسپتال لے جایا گیا لیکن بدقسمتی سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔