ڈائریکٹرجنرل ایس ڈی ایم اے سرداروحید خان سےحمزہ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کےچیف ایگزیکٹوآفیسر کی وفد کے ہمراہ ملاقات

منگل 22 جولائی 2025 21:20

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) ڈائریکٹر جنرل ایس ڈی ایم اے سردار وحید خان سے حمزہ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن (HDF) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مرکزی دفتر میں وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ایچ ڈی ایف ٹیم نے ڈائریکٹر جنرل کو ضلع حویلی اور ضلع جہلم ویلی میں فاؤنڈیشن کے آئندہ منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس منصوبے کا مقصد مقامی سطح پر قدرتی آفات سے بچاؤ، آگاہی، اور کمیونٹی ریسپانس کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ وفد نے منصوبے کی افادیت، اہداف، اور ممکنہ سماجی اثرات پر روشنی ڈالی۔ایس ڈی ایم اے کے سربراہ نے ڈائریکٹر ایڈمن، ڈائریکٹر ریسکیو 1122 اور ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ (DRM) آفیسر کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

فاؤنڈیشن کی بریفنگ کو توجہ سے سنا گیا اور ایس ڈی ایم اے اور ایچ ڈی ایف کے مابین ممکنہ شراکت داری کے امکانات پر کھل کر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ایچ ڈی ایف کی جانب سے ایس ڈی ایم اے کے تحت کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا، جس پر ڈائریکٹر جنرل نے مکمل تعاون، رہنمائی اور معاونت کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات مشترکہ قومی مفاد اور عوامی فلاح کے لیے نہایت اہم ہیں۔اجلاس میں دونوں اداروں نے مستقبل قریب میں مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنے اور مفاہمتی اجلاس کے انعقاد پر اتفاق کیا تاکہ منصوبے کی عملی تفصیلات طے کی جا سکیں۔