چیئرمین سی ڈی اے ، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کا اسلام آباد میں نالوں پر کی گئی تجا وزات کوفوری طور پر سیل کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 26 جولائی 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نےاسلام آباد میں نالوں پر کی گئی تجا وزات کو خطرناک قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نالوں پر قائم تجاوزات کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈی جی بلڈنگ اینڈ ہاؤسنگ، ڈی جی پلاننگ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ، ڈائریکٹر ڈی ایم اے اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت اور چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی سربراہی میں اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف مہم خصوصاً سرکاری زمین پر قائم تجاوزات کو قانون کے مطابق سیل کرنے اور ناجائز قابضین سے واگزار کرانے کے علاوہ اسلام آباد میں نالوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف اب تک کی کارروائیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ اسلام آباد کے نالوں پر نا جائز تجاوزات کو سیل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو 24گھنٹے کا نوٹس دیا جائے تا کہ وہ تجاوزات از خود گرا دیں تا کہ مون سون کے شدید سپیل دوران نالوں میں طغیانی کی صورت میں کسی بھی ناگہانی صورت حال سے بچا جا سکے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کے تمام سیکٹرز میں نالوں پر قائم تجاوزات کو سیل کرنے ،گرانے اور ناجائز قابضین سے سرکاری زمین خالی کروانے کیلئے سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ اور ڈی ایم اے مل کر کام کررہے ہیں۔

سی ڈی اے نےعوام سے انکے بہترین مفاد میں ایک بار پھر آگاہ کیا ہے کہ نالوں پر تمام تجاوزات کو از خود ختم کردیں ۔نالوں پر تمام رہائشی و کمرشل عمارات نہ صرف قانون کے مطابق خطرناک ہیں بلکہ ان کو سیل کیا جاریا ہے بلکہ غیر قانونی تجاوزات کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی جس کی تمام تر ذمہ داری تجاوزات کرنے والوں پر عائد ہوگی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں تمام نالوں کی ہائیڈرولوجیکل اسٹدی کروائی جائے گی تاکہ اسلام آباد کے آبی وسائل کا بہتر استعمال اور انتظام کو مزید موٗثر بنایا جائے۔ چیئر مین سی ڈی اے محمد علی رندھا وا نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں تمام قواعد و ضوابط کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اورہائیڈرولوجیکل سٹدی کا با قاعدہ آغا ز کیا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے جہاں قانون کے مطابق تمام ناجائز تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائی کررہا ہے وہاں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ واگزار کرائی گئی زمینوں پر دوبارہ تجاوزات روکنے کیلئے مستقل نگرانی کا نظام بھی قائم کیا جارہا ہے جس کے تحت نہ صرف متعلقہ علاقوں کی باقاعدگی کے ساتھ ڈرون فوٹیجز بنائی جائیں گی بلکہ گوگل ارتھ سے بھی مدد لی جائے گی۔