تھر ایجوکیشن الائنس کی جانب سے سانگھڑ میں ایک روزہ کیپیسٹی بلڈنگ ٹریننگ کا انعقاد

اتوار 27 جولائی 2025 15:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) تھر ایجوکیشن الائنس کی جانب سے ملالہ فنڈ کے اشتراک سے سانگھڑ کے ایک مقامی ہوٹل میں خواتین کی تعلیم و خودمختاری کے فروغ کی کوششوں کے تحت ایک روزہ کیپیسٹی بلڈنگ ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینا، معاشرتی رکاوٹوں کو توڑنا اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانا تھا۔

ورکشاپ میں تربیت فراہم کرنے والے معروف ماسٹر ٹرینرز معیز اور پرتاب شیوہانی نے خواتین کی تعلیم، ان کے حقوق اور معاشی و سماجی ترقی میں خواتین کے فعال کردار پر لیکچر دیا۔ تربیت میں خاص طور پر ان لڑکیوں پر توجہ دی گئی جو سماجی یا معاشی وجوہات کی بنا پر تعلیم سے دور ہیں۔

(جاری ہے)

تربیتی نشست میں اساتذہ، والدین، سول سوسائٹی کے نمائندے، تعلیمی ماہرین اور سماجی کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔

مقررین نے زور دیا کہ لڑکیوں کی تعلیم صرف ذاتی ترقی کا ذریعہ نہیں بلکہ معاشرے کی مجموعی ترقی کی ضمانت ہے، والدین، اساتذہ اور مقامی قیادت کی مشترکہ کوششوں سے نہ صرف تعلیم کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے بلکہ خواتین کو باعزت مقام دلایا جا سکتا ہے۔ ورکشاپ میں سینئر صحافی اور کالم نگار امیر بخش بڑدی، نادر بڑدی، تعلیمی ماہر عبدالمجید منگریو، ایڈووکیٹ عظیم رونجھو، عورت فاؤنڈیشن کے سربراہ اسلم میمن، سماجی کارکن اور سیاسی رہنما سلمیٰ قریشی سمیت متعدد افراد نے شرکت کی اور خواتین کی تعلیم اور خودمختاری کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ لڑکیوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری دراصل ایک روشن، پرامن اور خود مختار معاشرے کی بنیاد ہے، تمام مکاتب فکر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ نہ صرف تعلیم سے محروم لڑکیوں کو اسکول واپس لانے میں مدد کریں گے بلکہ ہر سطح پر خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔