کیا بھوکے شیروں کے لیے آپ اپنے پالتو جانورعطیہ کرسکتے ہیںِ؟

DW ڈی ڈبلیو جمعرات 7 اگست 2025 13:20

کیا بھوکے شیروں کے لیے آپ اپنے پالتو جانورعطیہ کرسکتے ہیںِ؟

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 07 اگست 2025ء) شمالی ڈنمارک کے شہر آلبورگ کے چڑیا گھر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے صحت مند پالتو جانور، مثلاً گنی پگ، خرگوش، مرغیاں اور گھوڑے، عطیہ کریں تاکہ وہاں رہنے والے شیر جیسے گوشت خور جانوروں کو ان کے فطری فوڈ چین (غذائی زنجیر) کے مطابق خوراک فراہم کی جا سکے۔

چڑیا گھر کی جانب سے انٹرنیٹ پر ایک اعلان شائع کیا گیا جس میں کہا گیا، ''اگر آپ کے پاس کوئی صحت مند جانور موجود ہے جسے آپ کسی مجبوری کے تحت رکھ نہیں سکتے، تو آپ ہمیں عطیہ کر سکتے ہیں۔

‘‘

آلبورگ چڑیا گھر پالتو جانور کیوں مانگ رہا ہے؟

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ چڑیا گھر کے ماحول کو قدرتی جنگلوں سے ہم آہنگ کرنے کی سعی میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

گنی پگ، خرگوش، مرغیاں اور گھوڑے بطور عطیہ مطلوب ہیں۔ خاص طور پر گھوڑا عطیہ کرنے والے افراد کو ٹیکس میں چھوٹ بھی فراہم کی جائے گی۔

ایک سوشل میڈیا پیغام میں چڑیا گھر نے کہا، ایسے عطیات کے ذریعے کوئی شے ضائع نہیں ہوتی، ہم اپنے گوشت خور جانوروں کے لیے فطری رویّے، متوازن غذا اور جسمانی آسودگی کو یقینی بناتے ہیں۔

‘‘

چڑیا گھر نے مزید کہا کہ عطیہ کیے گئے جانوروں کو تربیت یافتہ عملے کی زیر نگرانی ''رحم دلی کے ساتھ ہلاک‘‘ کیا جائے گا۔

کیا چڑیا گھروں کو پالتو جانور عطیہ کرنا معمول کی بات ہے؟

اس اپیل نے عالمی ذرائع ابلاغ کی توجہ حاصل کی ہے، تاہم آلبورگ چڑیا گھر کی نائب ڈائریکٹر، پیا نیلسن، نے کہا کہ یہ عمل ڈنمارک میں عام رواج ہے۔

انہوں نے برطانوی اخبار دی گارڈین کو دیے گئے بیان میں کہا، ''کئی برسوں سے آلبورگ چڑیا گھر میں ہم اپنے گوشت خور جانوروں کو چھوٹے مویشیوں کا گوشت کھلاتے آ رہے ہیں۔‘‘

’’یہ روایت ڈنمارک میں معروف ہے اور ہمارے اکثر مہمان و معاونین اس عمل میں شرکت کو باعثِ فخر سمجھتے ہیں۔‘‘

یاد رہے کہ 2014 میں کوپن ہیگن چڑیا گھر نے ایک صحت مند زرافے کو افزائش نسل میں درپیش مسائل کی وجہ سے ہلاک کر دیا تھا، جس پر عالمی سطح پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

آلبورگ چڑیا گھر 1935 میں قائم ہوا۔ اس کی ویب سائٹ کے مطابق اس میں یورپی بلّے، ایشیائی شیر، سوماترائی شیر اور افریقی جنگلی کتے جیسے جانور رکھے گئے ہیں۔

ادارت: صلاح الدین زین