خیبر پختونخواہ سے وفد کا دورہ پنجاب، لاہور ویمن پروٹیکشن سنٹر کا دورہ

بدھ 17 ستمبر 2025 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)خیبرپختونخوا ہ کے صوبائی فورم کے اراکین اور سرکاری افسران پر مشتمل ایک معزز وفد نے آواز II پروگرام کے تحت پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ یہ پروگرام برٹش کونسل کے تعاون سے پیس اینڈ جسٹس نیٹ ورک کے زیر انتظام خواتین، بچوں، نوجوانوں اور محروم طبقات کے حقوق کے فروغ، سماجی ہم آہنگی اور پرامن معاشرے کے قیام کے لیے جاری ہے۔

وفد کو ڈائریکٹر جنرل پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی، محترمہ کلثوم ثاقب نے خوش آمدید کہا اور اتھارٹی کے نظام، قانونی فریم ورک اور خواتین کے تحفظ کے لیے وضع کردہ میکنزم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی نے وفد کو بتایا کہ اتھارٹی کس طرح شیلٹر ہومز، ویمن پروٹیکشن سنٹرز، ہیلپ لائن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن کے ذریعے خواتین کو فوری اور مو ثر مدد فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وفد نے لاہور ویمن پروٹیکشن سنٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن آفیسر لاہور، محترمہ رابعہ عثمان نے خواتین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی۔ ان سہولیات میں قانونی معاونت، طبی سہارا، کونسلنگ اور فوری تحفظ شامل ہیں جو گھریلو تشدد یا کسی بھی قسم کے تشدد کا شکار خواتین کے لیے فراہم کی جاتی ہیں۔اس بین الصوبائی وزٹ کا مقصد پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مابین بہترین عملی تجربات کا تبادلہ تھا، تاکہ آواز II اور پیس اینڈ جسٹس نیٹ ورک کے اس وڑن کو آگے بڑھایا جا سکے جس کے تحت ایک پرامن، برداشت پر مبنی اور تشدد سے پاک معاشرے کا قیام ممکن بنایا جا رہا ہے۔