پنجاب یونیورسٹی الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام پہلی تعارفی تقریب کا انعقاد

اتوار 21 ستمبر 2025 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)پنجاب یونیورسٹی ڈیپارٹمنٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنے چاربی ایس ڈگری پروگراموں کے پہلے تعلیمی بیچ جس میں بی ایس میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی ، ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی،بی ایس وائی بی ایس سائنس اور آپٹومیٹری سمیت کلاسز کا آغاز کردیا۔ اس سلسلے میں ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے طلباء کو کیمپس کی سہولیات، تعلیمی مشورے، طلباء کی معاونت، نظم و ضبط اور حفاظتی پروٹوکول، اور بہت سی طلباء سوسائٹیوں سے آشنا کرنے کے لئے ایک تعارفی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔

اس موقع پر ڈی جی اسٹوڈنٹس افیئرز، اسٹیٹ اینڈ سیکیورٹی پروفیسر ڈاکٹر ریحان صادق شیخ، چیئرمین ڈی اے ایچ ایس ڈاکٹر منظور حسین، فیکلٹی ممبران اور طلباء موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر منظور حسین نے نئے طلباء کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان پروگراموں کی تعلیمی اہمیت اور سماجی اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے علمی فضیلت اور سا لمیت کا اعلیٰ معیار قائم کرنے کے لئے طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے ڈی جی پروفیسر ڈاکٹر ریحان صادق شیخ کا بھی شکریہ ادا جنہوں نے شعبہ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے قیام سے لے کر نصاب کے ڈیزائن اور مالیاتی/انتظامی منصوبہ بندی سے لے کر ہسپتالوں کے ساتھ کلینکل تعاون کی تعمیر میں شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر شیخ نے طلباء کو مبارکباد دی اور اس بات پر زور دیا کہ یہ پیشہ ورانہ ڈگریاں فائدہ مند کیریئر اور بامعنی کمیونٹی سروس کے راستے کھولتی ہیں۔