ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کمیٹی کا اجلاس

منگل 23 ستمبر 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں سائرہ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آر ٹی ایس ایم مرزا عطہر بیگ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران (میل و فیمیل ) خزانہ افس سے عادل رضا اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آر ٹی ایس ایم نے مختلف سکولوں کے دوروں کی رپورٹ پیش کی، جس میں غیر حاضر اساتذہ کی نشاندہی کی گئی، جس پر ڈپٹی کمشنر سبی نے ان کی تنخواہوں سے کٹوتی کے احکامات جاری کئے۔ ڈپٹی کمشنر سبی نے کہا کہ ورلڈ بینک پروجیکٹ کے تحت ضلع کے 18 سکولوں کا سروے مکمل ہو چکا ہے اور جلد ان پر عملی کام شروع ہوگا، جبکہ دیگر ترقیاتی منصوبوں پر ورک آرڈر ملتے ہی فوری عملدرآمد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سکولوں کو فراہم کیے گئے کلسٹر کے سامان اور دیگر تعلیمی وسائل کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ بچے اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں، ساتھ ہی اساتذہ کو پابندی وقت کا مظاہرہ کرنے اور طلباء کی بہتر تربیت پر توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :