میڈیکل سٹاف مریضوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہی ہے، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن سدھو

پیر 29 ستمبر 2025 17:18

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) تحصیل ہیڈ کوارٹر کوٹلی لوہاراں کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن سدھو نے کہا کہ ان کا مشن عوام کی خدمت ہے۔ وہ اپنے میڈیکل اور پیرامیڈیکل سٹاف کے ساتھ دن رات مریضوں کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کی او پی ڈی روزانہ 600 سے 700 مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

مریضوں کو نہ صرف چیک اپ کی سہولت دی جاتی ہے بلکہ ہسپتال کی جانب سے مفت ادویات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر مختلف لیبارٹری ٹیسٹ بھی ہسپتال میں ہی کیے جاتے ہیں تاکہ مریضوں کو شہر کے دیگر ہسپتالوں کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ڈاکٹر عبدالرحمن سدھو نے بتایا کہ ہسپتال میں سٹاف کی کمی ایک سنگین مسئلہ ہے، جس کی وجہ سے مریضوں کو بعض اوقات دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

خاص طور پر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خالی آسامیوں کے باعث مریضوں پر بوجھ بڑھ جاتا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے اعلیٰ حکام کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے اور اُمید ظاہر کی کہ جلد ہی نئی بھرتیوں کے ذریعے سٹاف کی کمی پوری کر دی جائے گی۔ انہوں نےکہا کہ ہسپتال کے موجودہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم حکومت کی جانب سے اضافی وسائل اور عملے کی فراہمی کے بعد صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔