الیکشن کمیشن کا قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 چترال میں ضمنی انتخاب کے لئے شیڈول کا اعلان

جمعرات 9 اکتوبر 2025 16:42

الیکشن کمیشن  کا قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 چترال میں ضمنی انتخاب کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 چترال میں ضمنی انتخاب کے لئے شیڈول کا اعلان کردیا ہے جہاں پولنگ 23نومبر کو ہوگی، یہ نشست رکن قومی اسمبلی عبدالطیف کی نااہلی کی وجہ سے خالی ہوئی۔الیکشن کمشن کی جانب سے جمعرات کو جاری شیڈول کے مطابق کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کے یکم اکتوبر کے فیصلے کی روشنی میں اپنے اختیارات بروئے کار لاتے ہوئے اس حلقے میں ضمنی انتخاب کے لئے شیڈول جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 15سے 17 اکتوبر تک جمع کرائے جاسکیں گےجن کی جانچ پڑتال 22 اکتوبر کو ہگی،کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 27 اکتوبر تک دائر کی جاسکیں گی اور اپیلٹ ٹربیونل کی جانب سے ان پر فیصلہ 3 نومبر تک ہوگا۔نظرثانی شدہ فہرست 4 نومبر کو جاری کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی 5نومبر تک واپس لئے جاسکیں گے۔امیدواروں کو انتخابی نشانات 6نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے جبکہ پولنگ 23 نومبر کو ہوگی۔ریجنل الیکشن کمشنر مالاکنڈ اعجازاحمدکو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر تعینات کیا گیاہے۔