ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) انجینئر نجم کبزئی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کے ماہانہ جائزہ اجلاس کا انعقاد

جمعرات 16 اکتوبر 2025 20:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) انجینئر نجم کبزئی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفسر فیض اللہ خان کاکڑ کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

اس موقع پر منیجر ایجوکیشن سپورٹ پروگرام محمد اسماعیل خان جلالزئی سمیت محکمہ تعلیم کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔اجلاس کے دوران انجینئر نجم کبزئی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تمام تعلیمی اداروں کے اساتذہ و نان ٹیچنگ سٹاف اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے مخلصانہ طور پر کوشش کریں اور مکمل حاضری کو یقینی بناتے ہوئے درس و تدریس سمیت دیگر امور کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں جبکہ مقدس فریضہ سمجھ کر اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی خندہ پیشانی سے کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مستقل بنیادوں پر غیر حاضری کے مرتکب 94 اساتذہ کی تنخواہوں سے کٹوتی کے احکامات جاری کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفسر اور دیگر متعلقہ اسٹاپ پر زور دیا کہ غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائےتاکہ ضلع کے طلباء و طالبا ت حکومت کے ان موثر اقدامات سے بھرپور انداز میں مستفید ہو سکیں ۔

نجم کبزئی نے کہا کہ اس بابت ضروری ہے کہ اساتذہ اور تعلیم سے منسلک عملہ اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی و غفلت کا مظاہرہ کرنے سے گریز کریں اور حکومت کی جانب سے جو ذمہ داریاں سونپی گئیں ہیں ان پر پورا اترنے کے لئے تمام تر توانائیاں صرف کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں سستی،کاہلی و غفلت کا مظاہرہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔دریں اثنا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ کے اجلاس میں تمام طے شدہ معاملات سے متعلق موثر اقدامات کرنے کی رپورٹ پیش کی جائے۔

متعلقہ عنوان :