میونسپل کارپوریشن، تحصیل انتظامیہ اور پیرا فورس کا سرگودہا میں مویشی باڑوں اور تجاوزات کے خاتمے کے لئےآپریشن جاری

جمعہ 17 اکتوبر 2025 14:57

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) میونسپل کارپوریشن، تحصیل انتظامیہ اور پیرا فورس کا سرگودہا میں مویشی باڑوں اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا شیریں گل اور ایم او آر زویا بلوچ کی سربراہی میں کارروائی کے دوران شہر کے مختلف مقامات سے مویشیوں کے باڑے ختم کروا دیئے گئے، متعدد مویشی ضبط کیے گئے جبکہ مالکان کو جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

اُدھر تحصیل انتظامیہ اور پیرا فورس کا تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ مشترکہ ٹیم نے دوسرے روز بھی 46 اڈا پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھا۔عرصہ دراز سے قائم پختہ اور غیر پختہ تجاوزات کو ختم کیا جا رہا ہے جبکہ بھاری مشینری کی مدد سے غیر قانونی تعمیرات مسمار کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی کو برقرار رکھنے کے لیے مویشی باڑوں اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔

شہری انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر کو صاف اور منظم رکھا جا سکے۔انتظامیہ نے کہا کہ عوامی راستوں اور سرکاری اراضی پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تجاوزات کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ازخود غیر قانونی تعمیرات ہٹا لیں تاکہ کسی نقصان سے بچا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :